دنیا نے ایران کے مسلمہ ایٹمی حقوق کو تسلیم کرلیا ہے، صدر حسن روحانی
صدر ایران نے ایٹمی ٹیکنالوجی کے قومی دن کے موقع پر ایٹمی شعبے میں ملک کی ترقی اور پیشرفت کے مختلف منصوبوں کا افتتاح کیا ہے۔ اس موقع پر اپنے خطاب میں صدر حسن روحانی نے کہا ہے کہ ماہرانہ سفارت کاری کی بدولت آج دنیا نے ایران کے مسلمہ ایٹمی حقوق کو تسلیم کرلیا ہے۔
صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے ایٹمی ٹیکنالوجی کے قومی دن کے موقع پر تہران میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے ماہر سفارت کاروں نے"ایٹمی ٹیکنالوجی ہمارا مسلمہ حق ہے" جیسا مطالبہ عالمی اداروں سے منوالیا ہے۔
انہوں نے کہا پچھلے ایک برس کے دوران جہادی اور انقلابی انتظام کے نتیجے میں، بیالیس ایٹمی منصوبوں پر عملدرآمد شروع کیا گیا ہے۔ صدر ایران کا کہنا تھا کہ: سائنٹیفک، انقلابی اور جہادی انتظام کے نتیجے میں، ایٹمی توانائی کے پرامن استعمال کے اثرات عوام کی زندگیوں میں دکھائی دینے لگے ہیں۔
ڈاکٹر حسن روحانی کہا کہ بڑے افسوس کی بات ہے کہ خطے کے بعض ملکوں نے شام پر امریکی حملے کی تعریف کی ہے تاہم انہوں نے کہا شام پر امریکی حملے کی حمایت کرنے والوں کو معلوم ہونا چاہیے کہ ایک دن ان کی باری بھی آئے گی۔
صدر ایران نے آئندہ صدارتی اور بلدیاتی انتخابات کا ذکر کر تے ہوئے کہا کہ ایران کے انتخابات امریکی انتخابات کی طرح نہیں اور ایرانی عوام باہمی اتحاد و یکجہتی کے ساتھ انتخابات میں حصہ لیکر دنیا والوں کے سامنے ملک کی طاقت کا بھرپور مظاہرہ کریں گے۔
ملک کے ایٹمی سائنسدانوں کی قدردانی اور ایٹمی ٹیکنالوجی کی تکمیل کے حوالے سے، نو اپریل کو ایران میں ایٹمی ٹیکنالوجی کا قومی دن قرار دیا گیا ہے۔
ایٹمی ٹیکنالوجی کے قومی دن کی مرکزی تقریب میں اعلی حکام کے علاوہ غیر ملکی سفیروں نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر صدر حسن روحانی نے، دو اہم ایٹمی مصنوعات کی رونمائی بھی کی جن میں سے ایک مقناطیسی بال بیرنگ کی ساخت اور تیاری جبکہ دوسرا ہائی ٹیمپریچر کنڈینس پمپ کی ساخت اور کمشننگ سے متعلق ہے جو ایٹمی بجلی گھروں کی بنیادی ضرورت ہے۔
صدر ایران سے اس موقع پر تین دوسرے ایٹمی منصوبوں کا بھی افتتاح کیا جن میں، صوبہ البرز میں سائیکلوٹرون ریڈیو میڈیسن کا پیداواری یونٹ، مقامی ٹیکنالوجی سے تیار ہونے والا انڈسٹریل ایریڈی ٹیشن سینٹر اور یورینیئم اسٹون کی کٹنگ اور اسے خالص بنانے والا یونٹ شامل ہیں۔
سائیکلوٹرون ریڈیو میڈیسن ریسرچ اینڈ پروڈکشن سینٹر یورپی پارنٹر کے تعاون سے جی ایم پی معیار کے مطابق قائم کیا گیا ہے۔
ایف ڈی جی ریڈیو میڈیسن اس مرکز کی سب سے اہم پروڈکٹ ہے جو پیٹ سی ٹی اسکین میں استعمال ہوتی ہے اور ملک کے دس اسپتالوں کی ضرورت پورے کرنے کے قابل ہے۔
اس مرکز میں دوسرا اہم اور اسٹریٹیجک پروڈکٹ ، جرمینیم گیلیئم جنریٹر ہے جس کی تیاری سے ایران ایسے جنریٹر تیار کرنے والا ایشیا کا پہلا اور دنیا کا پانچواں ملک بن گیا ہے۔
صدر ایران نے ایٹمی ٹیکنالوجی کے قومی دن کی تقریب کے موقع پر لگائی جانے والی نمائش کا بھی معائنہ کیا جس میں ملک میں ایٹمی ٹیکنالوجی کی ترقی کے حوالے سے مختلف اسٹال لگائے ہیں۔