دہشت گردوں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا: ایران
ایران کے صوبہ سیستان و بلوچستان میں مسلح دہشت گردوں کے حملے میں شہدا کی تعداد دس تک پہنچ گئی ہے۔
پاکستان سے ملحقہ اسلامی جمہوریہ ایران کے سرحدی علاقے میرجاوہ میں ایران کے بارڈر سیکورٹی فورس اہلکار معمول کی گشت پر تھے کہ اس دوران مسلح جرائم پیشہ دہشت گردوں نے گھات لگا کر ان پر حملہ کردیا جس کے نتیجے میں آٹھ اہلکار فوری طور پر شہید ہوگئے اور دو اسپتال پہنچنے کے بعد دم توڑ گئے جبکہ ایک اہلکار زخمی ہے جس کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔
جیشالظلم نامی دہشت گرد تکفیری گروہ نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے پولیس ترجمان سعید منتظرالمہدی کا کہنا ہے کہ ایران کی سیکورٹی فورسز پر حملہ پاکستانی علاقے سے کیا گیا اور اس حملے کی ذمہ داری بھی پاکستان پر عائد ہوتی ہے۔
صوبائی پراسیکیوٹر کا ردعمل
صوبہ سیستان و بلوچستان کے صدر مقام زاہدان کے پبلک پراسیکیوٹر نے بھی اسلامی جمہوریہ ایران کی بارڈ سیکورٹی فورس کے دس اہلکاروں کی شہادت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سانحے میں زخمی ہونے والے واحد فوجی اہلکار کی حالت بھی نہایت تشویشناک ہے۔
زاہدان کے پراسیکیوٹر جنرل موحدی راد نے مزید کہا کہ سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی اور بارڈر سیکورٹی فورس اس دہشت گردانہ واقعے کی تحقیقات کر رہی ہے۔
گزشتہ چند برس سے دہشت گردوں، شرپسندعناصر اور اسمگلروں کی جانب سے پاکستان کے اندر سے ایران میں ہونے والی دہشت گردانہ کارروائیوں میں اب تک صوبہ سیستان و بلوچستان کے سرحدی علاقوں میں تعینات بارڈر سکیورٹی فورس کے کئی اہلکار اور عام شہری شہید ہو چکے ہیں۔
ایران کے نائب صدر کی جانب سے واقعے کی مذمت
اسلامی جمہوریہ ایران کے نائب صدر نے تاکید کےساتھ کہا ہے کہ میرجاوہ میں مسلح شرپسندوں کے ہاتھوں بارڈر سیکورٹی فورس کے اہلکاروں کی شہادت کا واقعہ کھلی درندگی اور نفرت انگیز ہے۔
ایران کے نائب صدر نے دس بارڈر سیکورٹی اہلکاروں کی شہادت پر اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ اغیار کے ایجنٹ اور وطن فروش دہشت گردوں کو جان لینا چاہئے کہ وہ اپنے غیر انسانی اور خائنانہ اقدامات سے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اسلامی جمہویہ ایران کے عزم محکم کو کمزور نہیں کر سکتے اور اس میں کوئی شک نہیں کہ انھیں ان کے جرائم کے سنگین نتائج بھگتنا پڑیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ایرانی قوم اپنی مسلح افواج کی بہادری کو کبھی بھول نہیں سکتی اور وطن کی حفاظت کے لئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے غیرت مند سپوتوں پر ہمیشہ فخر کرے گی۔
وزارت خارجہ تحقیقات کرے گی، ایرانی وزیر خارجہ
اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ نے بھی تاکید کے ساتھ کہا ہے کہ وزارت خارجہ بھی سفارتی ذرائع سے بارڈر سیکورٹی اہلکاروں کی شہادت کے سانحے کی تحقیقات کرے گی اور مسلح دہشت گردوں کو سبق سکھانے کے لئے کسی بھی کوشش سے دریغ نہیں کرے گی۔
وزیرخارجہ محمد جواد ظریف نے ایک پیغام میں پاکستان سے ملحقہ سرحدی علاقے میں تکفیری دہشت گرد گروہ جیش الظم کے ہاتھوں بارڈر سیکورٹی فورس کے اہلکاروں کی شہادت کی تعزیت پیش کی۔