شام پر اسرائیل کی جارحیت کا مقصد دہشت گردوں کی مدد کرنا ہے، بہرام قاسمی
اسلامی جمہوریہ ایران نے شام پر اسرائیل کی جارحیت کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس جارحیت کا مقصد دہشت گردوں کی مدد کرنا ہے۔
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی نے کہا ہے کہ شام پر صیہونی حکومت کی مسلسل جارحیت، شام کے اقتداراعلی کی خلاف ورزی اور بین الاقوامی قوانین کے منافی ہے جس کا مقصد دہشت گردوں کی مددو حمایت کرنا ہے-
انہوں نے شام پر اسرائیل کی مسلسل جارحیت کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس میں شک نہیں کہ یہ حملے، شام کی قانونی حکومت کو کمزور کرنے کے لئے، کئے جا رہے ہیں اور یہ، ایک خود مختار اور اقوام متحدہ کے رکن ملک کے قومی اقتداراعلی کی خلاف ورزی اور عالمی امن و صلح کے لئے خطرہ ہیں-
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے بین الاقوامی اداروں خاص طور پر اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا کہ وہ اسرائیلی جارحیتوں کے مقابلے میں، جو علاقے اور دنیا کی سلامتی کو نقصان پہنچا رہی ہیں، خاموش نہ بیٹھے اور اس طرح کے حملوں کی تکرار کو روکنے کے لئے اپنی پوری کوشش بروئے کار لائے۔
واضح رہے کہ صیہونی حکومت نے جمعرات کو دمشق ہوائی اڈے کے جنوب مغرب میں شامی فوج کے ایک ٹھکانے پر میزائلوں سے حملہ کیا تھا-
اس سے پہلے اس نے اکیس اپریل کو بھی شام کے صوبہ قنیطرہ میں بھی شامی فوج کے ایک اڈے پر حملہ کیا تھا-
یاد رہے کہ اسرائیل شام میں سرگرم دہشت گردوں کی حمایت میں شام کے مختلف علاقوں پر حملے کرتا رہتا ہے-