اسلامی جمہوریہ ایران اور امریکہ کے مابین مسقط میں ہونے والے بالواسطہ مذاکرات جاری
اسلامی جمہوریہ ایران اور امریکہ کے مابین مسقط میں ہونے والے بالواسطہ مذاکرات، عمانی فریق کے ذریعے فریقین کے پیغامات کے تبادلے کے ساتھ جاری ہیں۔
سحرنیوز/ایران: جوہری مسئلے پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے اسلامی جمہوریہ ایران اور امریکہ کے درمیان بالواسطہ مذاکرات، عمان کی ثالثی میں آج مسقط میں شروع ہوئے ہیں۔ مذاکرات کے حوالے سے عمانی وزارت خارجہ نے اپنے ایکس اکاؤنٹ پر ایک پیغام میں لکھا کہ سلطنت عمان کی میزبانی میں ایران کے جوہری معاملے سے متعلق مذاکرات کے فریم ورک کے تحت، آج صبح وزیر خارجہ بدر بن حمد البوسعیدی نے سید عباس عراقچی کی سربراہی میں ایرانی وفد اور امریکی صدر کے خصوصی نمائندے اسٹیو ویٹکاف کی سربراہی میں امریکی وفد کے ساتھ الگ الگ مشاورت کی۔
ہمیں فالو کریں:
Follow us: Facebook, X, instagram, tiktok whatsapp channel
ان مشاورتوں میں سفارتی اور تکنیکی مذاکرات کی بحالی کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنے پر توجہ مرکوز کی گئی اور ساتھ ہی دیرپا سلامتی اور استحکام کے حصول میں فریقین کی کامیابی کے عزم کے پیش نظر ان مذاکرات کی اہمیت پر زور دیا گیا۔ عمان کے وزیر خارجہ نے بھی گفتگو کی حمایت جاری رکھنے اور فریقین کے نقطہ نظر کو ایک دوسرے کے قریب لانے کے لیے اپنے ملک کے عزم کا اعادہ کیا۔ البو سعیدی نے اپنے ملک کی جانب سے مطلوبہ اہداف اور توقعات کے مطابق متفقہ سیاسی حل کے حصول کے لیے مختلف شراکت داروں کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے آمادگی ظاہر کی۔ انہوں نے ان مذاکرات کی حمایت کرنے والے علاقائی ممالک کی کوششوں کی بھی قدردانی کی۔ مسقط کے مقامی وقت کے مطابق دوپہر ڈیڑھ بجے ایران کے وزیر خارجہ سید عباس عراقچی اور ان کے ہمراہ وفد امریکہ کے ساتھ بلواسطہ مذاکرات کے دوسرے دور کے آغاز کے لیے مذاکرات کے مقام کی طرف روانہ ہوا۔ مذاکرات کے پہلے دور میں، ہر فریق نے عمانی میزبان کے ساتھ ملاقات کے دوران اپنے موقف اور تحفظات کی وضاحت کی۔