May ۲۵, ۲۰۱۷ ۱۸:۲۱ Asia/Tehran
  • ایران: سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے تیسرے صنعتی میزائل کارخانے کا افتتاح

سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کی فضائیہ کے سربراہ نے کہا ہے کہ سپاہ کے تیسرے میزائل صنعتی کارخانے کی سرگرمیاں شروع ہو گئی ہیں۔

سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کی فضائیہ کے کمانڈر امیرعلی حاجی زادہ نے پچیس مئی روز پائیداری و استقامت اور یوم دزفول کی مناسبت سے کہا ہے کہ ایرانی عوام کی حمایت سے سپاہ پاسداران کے میزائل بنانے والے صنعتی کارخانے کی سرگرمیاں شروع ہو گئی ہیں اور اس کے ساتھ ہی میزائل صلاحیتوں کی پیشرفت اور میزائلوں کی تعداد میں اضافے کا کام بھی جاری ہے-

انہوں نے کہا کہ ہمارے نزدیک امریکی حکام کی باتوں کی کوئی حیثیت نہیں ہے- جنرل حاجی زادہ نے کہا کہ رہبر انقلاب اسلامی کی مدبرانہ قیادت کی بدولت ہم اب تلخ حادثات کی تکرار کی اجازت نہیں دیں گے-

انہوں نے ایران کے حالیہ صدارتی انتخابات کے شاندار انعقاد کو مسلح افواج کی مزید تقویت کا باعث قرار دیا اور کہا کہ ایران کے عوام نے اتحاد و یکجہتی کا مظاہرہ کر کے رہبر انقلاب اسلامی کی دعوت پر لبیک کہا اور انتخابات میں بہت بڑی تعداد میں شرکت کی جس کی وجہ سے دشمنوں کی سازشوں اور ریشہ دوانیوں کے مقابلے میں مسلح افواج کو مزید تقویت ملی-

سپاہ کی فضائیہ کے سربراہ نے کہا کہ ایران آج ایک میزائلی طاقت میں تبدیل  ہو چکا ہے اور ڈرون طیارے، راڈار بنانے اور الیکٹرانیک وارفیئر کے میدان اور ایئرڈیفنس کے شعبوں میں اپنے پیروں پر کھڑا ہو چکا ہے-

انہوں نے کہا کہ آج ہم ایک ایسی طاقت بن چکے ہیں کہ دشمن ہماری جانب آنکھ اٹھا کر دیکھ نہیں سکتا اور یہ نہیں کہہ سکتا کہ ایران میزائل بنانا بند کر دے-