دہشت گردوں کو ایسا سبق سکھائیں گے جو وہ ہمیشہ یاد رکھیں گے: میجرجنرل محمد باقری
ایران کی مسلح افواج کے کمانڈر نے تاکید کے ساتھ کہا ہے کہ ایران کی مسلح افواج اور انٹیلیجنس ادارے دہشت گردوں اور علاقے و علاقے سے باہر ان کے حامیوں کو ایسا سبق سکھائیں گے جسے وہ ہمیشہ یاد رکھیں گے۔
ایران کی مسلح افواج کے کمانڈر انچیف میجر جنرل محمد باقری نے ایک پیغام میں جسے سات جون کو دہشت گردانہ حملوں میں جام شہادت نوش کرنے والے شہداء کی مجلس ترحیم میں پڑھ کر سنایا گیا، کہا کہ مسلح افواج اور انٹیلیجنس و سیکورٹی ادارے پہلے سے زیادہ مضبوط عزم کے ساتھ دہشت گردی کے خلاف اپنا ایجنڈا تیار کریں گے اور انقلاب اسلامی کے جغرافیا میں دہشت گردی کا حتمی زوال رقم کریں گے۔
میجر جنرل باقری نے تاکید کے ساتھ کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ تسلط پسند نظام اور صیہونیزم نے علاقے کی رجعت پسند اور قبائلی سرداروں کی حکومتوں سے مل کر اور سعودی پیٹروڈالر کی مدد سے جاسوس تنظیموں کے پروردہ ایجنٹوں اور اسلامی استقامت سے زخم کھانے والوں سے ملت ایران کے خلاف دہشت گردانہ حملہ کرایا ہے۔
جنرل باقری نے سعودیوں کے حالیہ رقص شمشیر میں حصہ لینے والوں اور اسلامی جمہوریہ ایران کی سیکورٹی کے خلاف ڈرامہ کرنے والوں کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ بہرحال تہران میں سات جون کو حملہ کرنے والے دہشت گرد اور ان کے دیگر عوامل عبرت حاصل کریں اور اس طرح کی غلطی دہرانے کی غلطی نہ کریں۔