آبنائے ہرمز میں ایران اور چین کی مشترکہ بحری مشقیں
ایران اور چین کی بحریہ نے آبنائے ہرمز سے بحیرہ عمان تک کے حدود میں مشترکہ بحری مشقیں انجام دی ہیں۔
ایرانی بحریہ کے فرسٹ ریجن کے کمانڈر ایڈمرل حسین آزاد نے مشقوں کی تفصیلات بیان کرتے ہوئے کہا کہ مشترکہ مشقوں میں ایران اور چین کے تباہ کن بحری جہازوں نے بھی حصہ لیا اور اس موقع پر ایرانی اور چینی بحریہ کے ہیلی کاپٹروں نے ایک دوسرے کے بحری بیڑوں پر لینڈنگ کی اور ورٹیکل ایکسچینج آپریشن انجام دیا۔
ایڈمرل حسین آزاد نے واضح کیا کہ ایران اور چین کی مشترکہ فوجی مشقوں کا مقصد امن اور دوستی کے ساتھ ساتھ یہ بتانا ہے کہ علاقے کی سمندری سیکورٹی علاقے کے ملکوں کے ذریعے ہی ممکن بنائی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ چینی بحریہ کے لاجسٹک اور تباہ کن بحیری جہاز مشترکہ مشقیں انجام دینے کے بعد، بندر عباس کے علاقے سے مشرقی آبنائے ہرمز کے راستے بحیرہ عمان کی جانب روانہ ہوگئے۔
چینی بحریہ کا ایک بیڑا جس میں تباہ کن بحری جہاز چانگ چنگ ، لاجسٹک جہاز چاؤ ہو اور حملہ آور جہاز جن زو شامل تھے، پندرہ جون کو جنوبی ایران کی بندرگاہ، بندر عباس پر لنگر انداز ہوا تھا۔