امریکی اقدام قریبی رشتہ داروں کے ملنے میں رکاوٹ
ایران کے وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ امریکہ کے اقدام نے ایران کی معمر خواتین کو اپنی اولادوں سے ملنے سے محروم کردیا ہے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے اپنے ٹویٹر پیغام میں مسلمان ممالک بالخصوص ایرانی شہریوں کے داخلے پر پابندی لگانے کے حوالے سے امریکی فیصلے پر شدید رد عمل کا اظہار کیا ہے۔
محمد جواد ظریف نے امریکہ کی جانب سے ایرانی شہریوں کے داخلے پر پابندی کے فیصلے کو شرمناک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ امریکہ نے ایران کی بزرگ خواتین اور اپنے پوتے پوتیوں اور نواسے نواسیوں سے ملنے سے محروم کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ امریکہ اپنی دشمنی میں اس حد تک آگے نکل گیا ہے کہ اس نے ایک شرمناک فیصلے کے تحت معمر ایرانی خواتین سے اپنے پوتے پوتیوں اور نواسے نواسیوں سے ملنے کا حق بھی چھین لیا ہے۔
اس سے پہلے ایرانی دفترخارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی نے امریکی عدالت کی جانب سے 6 مسلم ممالک کے شہریوں پر سفری پابندیوں کی توثیق کے ردعمل میں کہا تھا کہ بدقسمتی سے امریکی انتظامیہ مخصوص مفادات کے لئے اپنے ملک میں دہشت گردی کی جڑ اور اس کے ذرائع کے بارے میں غلط بیانی کرتی ہے ۔
واضح رہے کہ امریکی سپریم کورٹ نے ڈونلڈ ٹرمپ کی طرف سے متعدد مسلم اکثریتی ملکوں کے شہریوں کے امریکہ میں داخلے پرعائد کردہ پابندی کے حق میں جزوی فیصلہ سنایا تاہم عدالت اس بارے میں اکتوبر میں تفصیلی سماعت کے بعد مفصل فیصلہ سنائے گی۔