یورپی ٹرائیکا کو اسنیپ بیک کو فعال کرنے کا انتباہ؛ ایرانی وزارت خارجہ
اسلامی جمہوریہ ایران نے کہا ہے کہ اگر اسنپ بیک مکانیزم کو فعال کیا گیا تو اس کے سنگین نتائج برآمد ہوسکتے ہیں۔
سحرنیوز/ایران: ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے اپنی ہفتہ وار پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ آج جنیوا میں ہونے والے مذاکرات، وزیر خارجہ عباس عراقچی اور یورپی ٹرائيکا کے وزرائے خارجہ نیز یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کی سربراہ کے ساتھ ٹیلی فونی بات چیت کے بعد ہو رہے ہيں۔ وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ جب ہم کہتے ہیں کہ یورپی فریقوں کے پاس اسنیپ بیک میکانزم کا سہارا لینے کا کوئی قانونی یا اخلاقی جواز نہیں ہے تو اس کا مطلب ہے کہ ہم نہ صرف اسے قبول نہیں کرتے بلکہ ہمیں اس کے نتائج سے بھی تشویش لاحق ہے۔
وزارت خارجہ کے ترجمان نے خطے میں رونما ہونے والی صورتحال کو تشویشناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ سب سے بدترین صورتحال جو ہر آزاد انسان کے دل کو تکلیف دیتی ہے، وہ فلسطین میں نسل کشی کا تسلسل ہے، صرف گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران غزہ میں صیہونی حکومت کے ہاتھوں سو سے زائد بے گناہ افراد شہید ہوچکے ہیں۔
وزارت خارجہ کے ترجمان نے آسٹریلیا سے اسلامی جمہوریہ ایران کے سفیر کی بے دخلی کی خبروں پر ردعمل اور اسلامی جمہوریہ ایران کے جوابی اقدامات کے بارے میں کہا کہ فطری طور پر سفارتی سطح پر کسی بھی نامناسب اور بلاجواز اقدام کا جواب بھی ویسا ہی ہو گا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ آسٹریلیا کی جانب سے جو الزام تراشی کی گئی ہے وہ قطعی طور پر مسترد ہے، انہوں نے کہا کہ بنیادی طور پر، یہود دشمنی کے تحت کسی تصور کی ہماری ثقافت، تاریخ اور مذہب میں کوئی جگہ نہیں ہے۔