ایران اور یورپی یونین کے درمیان ایٹمی سیفٹی تعاون
ایران اور یورپی یونین نے ایٹمی سیفٹی کے مشترکہ منصوبہ پر کام شروع کردیا ہے۔
اس منصوبے کا مقصد ایران اور پانچ جمع ایک گروپ کے درمیان طے پانے والے جامع ایٹمی معاہدے کی دوسری سالگرہ کے موقع پر تہران اور بریسلز کے درمیان ایٹمی سیفٹی کے شعبے میں تعاون کو فروغ دینا ہے۔
تہران میں یورپی یونین کے اعلی سطحی وفد کے سربراہ اولیور لیکس اورایران کے نیوکلیئر سیفٹی سینٹر کے سربراہ حجت اللہ صالحی کے درمیان ہونے والے مذاکرات میں ایٹمی سیفٹی تعاون کے مشترکہ منصوبے پر عملدرآمد شروع کرنے کا اعلان کیا گیا۔
اس منصوبے کی مالیت ڈھائی ملین یورو بتائی جاتی ہے اور اس پر اپریل دوہزار پندرہ میں، جامع ایٹمی معاہدے کے تحت دستخط کیے گئے تھے۔ یہ منصوبہ پچاس لاکھ یورو کے ایران یورپ ایٹمی سیفٹی معاہدے کا حصہ ہے جسے سن دوہزار سولہ میں فریقین نے منظور کیا تھا۔
قابل ذکر ہے کہ یورپی یونین نے اکیس جون دوہزار سترہ کو چودہ ملین یورو کے ایک اور منصوبے کی بھی منظوری دی ہے جس کا مقصد ایران میں ایٹمی سیفٹی کے نظام کو بہتر بنانے میں مدد فراہم کرنا ہے۔