Aug ۰۲, ۲۰۱۷ ۱۸:۵۲ Asia/Tehran
  • ایران علاقے کے بحرانوں کے منصفانہ حل کی حمایت کرتاہے

بین الاقوامی امور میں ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر کے خصوصی مشیر حسین امیرعبداللہیان نے علاقے کی سلامتی کو یقینی بنانے میں حزب اللہ اور شہدائے مدافعان حرم کے کردار کو اہمیت کاحامل قرار دیا

بین الاقوامی امور میں ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر کے خصوصی مشیر حسین امیرعبداللہیان نے بیروت میں حزب اللہ کے سکریٹری جنرل سید حسن نصراللہ سے ملاقات میں کہا کہ ایران علاقے کی سلامتی کے تعلق سے حزب اللہ اور شہدائے مدافعان حرم کے کردار کو قدرکی نگاہ سے دیکھتاہے - انہوں نے لبنان پر صیہونی حکومت کی طرف سے مسلط کی گئی دوہزار چھے کی تینتیس روزہ جنگ میں لبنانی عوام اور استقامتی تحریک کی فتح کی سالگرہ کی آمد کی مناسبت سے مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ایران دہشت گردی کے خلاف جنگ کے میدان میں موثر مدد دینے کے ساتھ ساتھ علاقے منجملہ شام، یمن، بحرین اور دیگر ملکوں کے بحرانوں کو منصفانہ طریقے سے حل کرنے میں سیاسی طور پر مدد دینے کے لئے تیار اور سیاسی حل کی حمایت کرتاہے - حزب اللہ کے سکریٹری جنرل سید حسن نصراللہ نے بھی اس ملاقات میں علاقے اور عالم اسلام کے خلاف دشمنوں کے ناپاک عزائم کے مقابلے میں ایران کے اہم کردار کا ذکرکرتے ہوئے کہا کہ آج فلسطین، شام اور لبنان میں استقامت کا موضوع علاقے کے سبھی ملکوں کی سلامتی اور سیکورٹی سے براہ راست مربوط ہے - سید حسن نصراللہ نے علاقے اور عالم اسلام کے جغرافیا کو تبدیل کرنے کی کوشش کو دشمنوں کی خطرناک سازش قرار دیا اور کہا کہ صیہونی حکام علاقے اور عرب دنیا کے بعض ملکوں کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہتر بنانے کے لئے ہر ممکن کوشش کررہے ہیں تاکہ وہ ان ملکوں کے حصے بخرے کرسکیں- انہوں نے کہا کہ صیہونی حکومت آج مسجد الاقصی اور بیت المقدس پر جو حملے کررہی ہے وہ تل ابیب کے ساتھ بعض عرب ملکوں کی ساز باز کا نتیجہ ہے - لیکن فلسطینیوں اور عالمی رائے عامہ کے شدید ردعمل کے باعث اسرائیل کے ساتھ تعلقات کو بہتر بنانے کا بعض عرب ملکوں کا منصوبہ ناکام ہوگیا -

ٹیگس