شام کے امور میں روسی صدر کے نمائندے کی علی شمخانی سے ملاقات
روس کے صدر ولادیمیر پوتین کے شام کے امور میں خصوصی نمائندے نے تہران میں ایران کی اعلی سلامتی کونسل کے سکریٹری علی شمخانی کے ساتھ ملاقات اور گفتگو کی۔
مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق روس کے صدر ولادیمیر پوتین کے شام کے امور میں خصوصی نمائندے کی تہران میں ایران کی اعلی سلامتی کونسل کے سکریٹری علی شمخانی کے ساتھ ملاقات میں شام کی تازہ ترین صورتحال ، شام میں دہشت گردوں کے خلاف آّپریشن اور آزاد شدہ علاقوں میں امن و سلامتی کے امورپر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس سفر کامقصد روس اور ایران کے درمیان سیاسی اور فوجی شعبوں میں مشترکہ اقدامات کو مزيد مستحکم بنانا ہے۔
دوسری جانب شام میں داعش کے خلاف امریکی اتحادی افواج نے حملہ کرکے 14 نہتے شہریوں کو موت کی نیند سلا دیا ہے۔ شامی شہر الرقہ میں امریکی اتحادی طیاروں نے بمباری کرکے 14 نہتے شہریوں کو شہید کردیا اس حملے میں متعدد شامی زخمی بھی ہوئے ہیں ۔ واضح رہے کہ امریکی اتحادی افواج کے حملوں میں سینکڑوں شامی شہری شہید یا زخمی ہوچکے ہیں۔ امریکی اتحاد نے 2014 سے اب تک 685 عام شہریوں کی ہلاکت کا اعتراف کرتے ہوئے کہا ہے کہ جنگ میں اس قسم کی غلطیاں ہوتی رہتی ہیں۔
مقامی ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ امریکی اتحاد کے حملوں میں عراق اور شام کے 3000 سے زائد شہری شہید ہوچکے ہیں۔