Sep ۰۹, ۲۰۱۷ ۱۷:۴۹ Asia/Tehran
  • میانمار میں مسلمانوں کے خلاف جرائم پر خاموشی افسوسناک ہے : صدر حسن روحانی

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے میانمار کے مسلمانوں کے خلاف ہونے والے جرائم اور تشدد پر عالمی اداروں کی خاموشی کو سخت ہدف تنقید بنایا ہے

ایران کے صدر حسن روحانی نے اسلامی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس میں شرکت کے لئے قزاقستان روانہ ہونے سے قبل میانمار کے مسلمانوں کے خلاف جاری جرائم پر خاموشی کو افوسناک قرار دیا- صدر مملکت نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ قزاقستان میں سائنس و ٹیکنالوجی کے موضوع پر اسلامی ممالک کے سربراہی اجلاس میں میانمار کے موضوع پر بھی ایک اجلاس منعقدہوگا کہا کہ میانمار کا موضوع عالم اسلام کے لئے ایک عظیم انسانی المیہ ہے اور عالم اسلام ، میانمار کے مسلمانوں کے خلاف ہونے والے جرائم پر خاموش نہیں رہ سکتا- صدر روحانی نے کہا کہ اس اجلاس کے موقع پر بعض اسلامی ممالک کے سربراہوں کے ساتھ ملاقات میں باہمی تعلقات اور علاقائی و عالمی مسائل پر بھی گفتگو ہوگی- اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی قزاقستان کے صدر کی دعوت پر سنیچر کو قزاقستان گئے ہیں جہاں وہ دارالحکومت آستانہ میں سائنس و ٹیکنالوجی کے موضوع پر اسلامی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس سے خطاب کریں گے-