رہبر انقلاب اسلامی کے نام شام کے صدر کا تہنیتی پیغام
شام کے صدر بشار اسد نے رہبرانقلاب اسلامی کے نام تہنیتی پیغام میں، ایران کے عوام کو دہشت گردی کے خلاف جنگ میں شامی عوام کا سب سے بڑا حامی قرار دیا ہے۔
صدر بشار اسد نے شامی فوج کے ہاتھوں دیرالزور کا محاصرہ توڑ دیئے جانے پر رہبر انقلاب اسلامی کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ایران کی حکومت اور عوام کے تعاون کا شکریہ ادا کیا ہے۔
شام کے صدر نے اپنے تہنیتی پیغام میں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ایران کے اصولی موقف کی قدردانی کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ، رہبر انقلاب اسلامی، ایران کی حکومت اور عوام شروع ہی سے شام کے حامی رہے ہیں۔
صدر بشار اسد کا کہنا تھا کہ شام اور ایران دہشت گردی کے خلاف جنگ نیز، انصاف، مساوات اور باہمی احترام کی بنیادوں پرعلاقائی اور عالمی نظام کے قیام کی جد وجہد جاری رکھیں گے۔
شام کی فوج پانچ ستمبر کو ایک بھرپور کارروائی کے دوران تین سال سے جاری محاصرہ توڑ کر دیرالزور شہرمیں داخل ہوگئی تھی اور اس نے داعش کے دہشت گردوں کو وہاں سے پیچھے دھکیل دیا تھا۔