Oct ۱۱, ۲۰۱۷ ۱۴:۳۲ Asia/Tehran
  • متحدہ امت مسلمہ کا قیام ممکن، آیت اللہ اراکی کی تاکید

تقریب مذاہب اسلامی عالمی فورم کے سیکریٹری جنرل نے کہا ہے کہ متحدہ امت مسلمہ کا مقصد، مختلف شعبوں میں مشترکہ تعاون کے ساتھ ساتھ ہر اسلامی ملک کی خاص مراعات و خصوصیات کا تحفظ کرنا ہے۔

تقریب مذاہب اسلامی عالمی فورم کے سیکریٹری جنرل آیت اللہ محسن اراکی نے بدھ کے روز تہران میں ہم فکری کے زیر عنواں پہلے بین الاقوامی اجلاس میں اپنے خطاب میں کہا ہے کہ متحدہ اسلامی محاذ کی کوشش، ایک ضرورت ہے اور اسلامی برادری اس کی خواہاں بھی ہے اور تقریب مذاہب اسلامی عالمی فورم، وحدت و اتحاد کے شعبے میں بھرپور بین الاقوامی یکجہتی کے قیام کے لئے عملی اسٹریٹیجک کے قیام کی کوشش کر رہا ہے۔

تقریب مذاہب اسلامی عالمی فورم کے سیکریٹری جنرل نے اختلاف و تفرقہ کو عالم اسلام کے لئے سب سے بڑا خطرہ قرار دیا اور تاکید کے ساتھ کہا کہ اتحاد و وحدت کی اصطلاح، عالم اسلام میں مذاکرات و گفتگو کے ایک محور میں تبدیل ہو چکی ہے اور یہ عالم اسلام کے مختلف اداروں اور تنظیموں نیز شخصیات کی کوششوں کا نتیجہ ہے۔

انھوں نے کہا کہ عالم اسلام کے مختلف اداروں، تنظیموں اور یونینوں میں عملی اور اسٹریٹیجک اتحاد اور اسی طرح دنیائے اسلام میں بامقصد تقریبی اداروں کا قیام، تہران اجلاس کے مقاصد میں شامل ہے۔

تقریب مذاہب اسلامی عالمی فورم کے سیکریٹری جنرل آیت اللہ محسن اراکی نے تاکید کے ساتھ کہا کہ اسلامی ممالک، مختلف قسم کے طریقوں اور سلیقوں کے باوجود مختلف شعبوں منجملہ تجارتی، اقتصادی، ثقافتی، سیاسی اور سائنسی شعبوں میں مکمل تعاون کر سکتے ہیں اور متحدہ امت مسلمہ کا قیام عمل میں لا سکتے ہیں۔

قابل ذکر ہے کہ تقریب مذاہب اسلامی کا یہ ایک روزہ تہران اجلاس، بدھ کے روز تشکیل پایا ہے جس میں گیارہ اسلامی ملکوں کی منتخب شخصیات شریک ہوئی ہیں۔

ٹیگس