ٹرمپ کے بیان پر ایرانی یونیورسٹیوں کے طلبا کے مظاہرے
اسلامی جمہوریہ ایران کی یونیورسٹیوں کے طلبا نے امریکی صدر ٹرمپ کی ایران مخالف بیہودہ گوئی اور بد زبانی کے خلاف سبھی شہروں میں مظاہرے کئے ہیں۔
پورے ایران کی یونیورسٹیوں کے طلبا نے ہفتے کو نماز ظہر و عصر ادا کرنے کے بعد اپنے اساتذہ کے ساتھ مل کر ٹرمپ کی بد زبانی کے خلاف احتجاجی مظاہرے کئے۔
مظاہروں میں شریک طلبا اور اساتذہ نے ٹرمپ اور امریکی انتظامیہ کے خلاف نعرے لگائے اور امریکی پرچم کو نذر آتش کیا۔
ٹرمپ نے جمعے کی رات آئی اے ای اے کی رپورٹ پر توجہ دیئے بغیر جس میں کہا گیا ہے کہ ایران نے ایٹمی معاہدے کی مکمل پاسداری کی ہے اعلان کیاکہ وہ ایٹمی معاہدے پرایران کی جانب سے عمل درآمد کی تائید نہیں کریں گے۔
انہوں نے ایران پر دہشت گردی کی حمایت کا بے بنیاد امریکی دعوی بھی ایک بار پھر دوہرایا۔ ٹرمپ کے اس بیان کی عالمی سطح پر مذمت کی جارہی ہے۔
اس درمیان ایران کی وزارت داخلہ نے بھی ٹرمپ کے ایران مخالف بیان کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹرمپ کے پاس معمولی سی تاریخی معلومات نہیں ہے۔ایران کی وزارت داخلہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ ٹرمپ نے اقوام متحدہ کے منشور پر بھی سوالیہ نشان لگادیا ہے۔