عالمی صیہونیزم کے خلاف جنگ جاری رہے گی، سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی
سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی نے عالمی صیہونیزم اور سامراجی طاقتوں کے خلاف جدوجہد جاری رکھنے اور ملک کی میزائل طاقت میں اضافہ کرتے رہنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے جاری کردہ بیان میں امریکی صدر کی جانب سے عائد کی جانے والی نئی پابندیوں کو ظالمانہ اور ایران کی دشمنی کا کھلا ثبوت قرار دیا گیا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ سپاہ پاسداران کے خلاف امریکا نے پابندیاں عائد کرکے یہ باور کرادیا ہے کہ خطے کا نقشہ بدلنے اور اسلامی ملکوں کے حصے بخرے اور انہیں کمزور کرنے کی واشنگٹن کی سازش کوناکام بنانے میں سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کا کردار انتہائی اہم ہےاس بیان میں آیا ہے کہ سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی ایک عوامی ادارے کی حثیت سے، اپنی ذاتی اور انقلابی ذمہ داریوں کے تحت پہلے سے بھی مضبوط عزم کے ساتھ، عالمی صیہونیزم اور سامراجی طاقتوں کے خلاف جد وجہد جاری رکھے گی اور اسلامی انقلاب کے دفاع میں کسی بھی کوشش سے دریغ نہیں کرے گی-سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے بیان میں یہ بات زور دے کر کہی گئی ہے کہ امریکہ اور خبیث عالمی صیہونی نیٹ ورک کے مخاصمانہ اقدامات کے باوجود ، خدا وند تعالی کے فضل و کرم سے خطے میں ایران کے اثر و رسوخ اور میزائلی طاقت میں اضافے کا سلسلہ پوری قوت کے ساتھ اور بغیر کسی وقفے کے جاری رہے گا۔