امن اور استحکام کے قیام میں خواتین کا اہم کردار
غلام علی خوشرو نے کہا ہے کہ خواتین دہشت گردی اورانتہاپسندی کی بنیادی متاثرین ہیں۔
اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کےعام اجلاس میں ایران کے مستقل مندوب غلام علی خوشرو نے اپنے خطاب میں کہا کہ خطے اور پوری دنیا میں امن اور استحکام کے قیام میں خواتین کا اہم کردار ہے تاہم دہشت گردی اور انتہا پسندی کی بنیادی متاثرین بھی خواتین ہی ہوتی ہیں.
اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں ایران کے مستقل مندوب کا کہنا تھا کہ یہ سوچ غلط ہے کہ عراق اور شام میں دہشتگرد گروہوں کے خاتمے سے خواتین کے خلاف جرائم کا سلسلہ بھی ختم ہو جائے گا اس لئے کہ اس قسم کے تکفیری گروہوں کا کردار ان کی فکری کج روی پرمبنی ہے جو دوسروں سے نفرت پراستوار ہے۔
غلام علی خوشرو نے کہا کہ مشرق وسطی کے بہت سے ممالک میں خواتین اور نوجوان لڑکیوں نے اپنے بہتر مستقبل کے حوالے سے اپنی امیدوں کو ٹوٹتے ہوئے دیکھا ہے.
اس موقع پرانہوں نے کہا کہ ثبوتوں اور حقیقت پر مبنی تاثرات سے اس بات کا مشاہدہ کیا جا سکتا ہے کہ امن اور مصالحت کے عمل میں خواتین کی شمولیت اور دنیا کے مختلف علاقوں میں امن و استحکام کے قیام میں خواتین کا کردار نہایت اہمیت کا حامل ہے.
انہوں نے ایرانی خواتین کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ایرانی خواتین متحرک ہیں اورایرانی معاشرے کا لازمی حصہ ہیں اور سیاسی اموراور انتخابات میں ان کا بھر پور اور فعال کردار ہے۔