سعودی پالیسیاں خطے کے لیے تباہ کن ہیں، بہرام قاسمی
ایران کے دفتر خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی نے سعودی وزیر خارجہ کے حالیہ جنگ پسندانہ بیان کے ردعمل میں کہا ہے کہ سعودی حکام کی نادرست، تفرقہ پرداز اور اشتعال انگیز پالیسیاں پورے علاقے کے لئے تباہ اثرات کی حامل ہیں۔
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ سعودی عرب کے وزیر خارجہ، حقائق کو تبدیل اور علاقے میں ریاض کے عدم استحکام کے حامل اقدامات سے رائے عامہ کی توجہ ہٹانے کی ناکام کوشش کرنے کے علاوہ خلیج فارس نیز یمن و لبنان میں کشیدگی کا باعث بنے ہوئے ہیں۔
انھوں نے یمن میں سعودی عرب کے جنگی جرائم کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ایسی حالت میں سعودی عرب دیگر ملکوں پر دہشت گردی کی حمایت کا الزام عائد کر رہا ہے کہ وہ خود انتہا پسندانہ افکار کا گہوارہ اور دہشت گردانہ اقدامات کا مرکز بنا ہوا ہے اور وہ علاقے کے مختلف ملکوں میں کھلی مداخلت کر رہا ہے۔
بہرام قاسمی نےعلاقائی و عالمی سطح پر امن و استحکام کے قیام کے لئے ایران کی جانب سے کی جانے والی کوششوں پر تاکید کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت علاقے کی بحرانی صورت حال کے پیش نظر، جو نادرست اور انتہا پسندانہ پالیسیوں کی بھینٹ چڑھا ہوا ہے، ان پالیسیوں کے تباہ کن اثرات کا مقابلہ کرنے کے لئے علاقے کے تمام ملکوں کی جانب سے سنجیدہ عزم و ارادے کی ضرورت ہے۔