Nov ۱۲, ۲۰۱۷ ۱۴:۰۷ Asia/Tehran
  • ایران اور یورپی یونین کے درمیان تعلقات کے فروغ پر تاکید

زراعت اور دیہی ترقی کےامور میں یورپی یونین کے کمشنر فل ہوگن نے کہا ہے کہ ایران اور یورپی یونین کے درمیان مشترکہ تعاون کے فروغ کے لیے حالات پوری طرح ‎سازگار ہیں جس سے فائدہ اٹھانے کی ضرورت ہے۔

تہران میں ایران کے وزیر صحت حسن قاضی زادہ ہاشمی سے بات چیت کرتے ہوئے یورپی یونین کے کمشنر برائے زراعت و دیہی ترقی فل ہوگن نے کہا کہ وہ یورپی یونین اور ایران کے عوام کو یقین دلاتے ہیں کہ مشترکہ اقدامات سے ایران میں اقتصادی ترقی اور روزگار کی فراہمی میں مدد ملے گی۔فل ہوگن کا کہنا تھا کہ یورپی یونین ایران کے ساتھ تعاون اور تجربات کی منتقلی کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے کہاکہ یورپی یونین پہلے ہی ایران سے مچھلیاں، پستہ اور زعفران درآمد کررہی ہے اور اس نے ایران سے دیگر اشیا کی درآمدات کے لیے بھی لائسنس جاری کردیئے ہیں۔یورپی یونین کے زراعت اور دیہی ترقی کے کمشنر نے ایران میں یورپی یونین کے نمائندہ دفتر کے قیام کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس دفتر کے قیام سے ایران کے ساتھ تجارت اور خاص طور سے زرعی شعبے میں مزید تعاون بڑھانے کا راستہ ہموار ہوگا جس سے دونوں فریقوں کو فائدہ پہنچے گا۔ایران کے وزیر صحت حسن قاضی زادہ ہاشمی نے اس موقع پر کہا کہ ایران کی سپریم ہیلتھ اینڈ فوڈ کونسل کا اجلاس صدر حسن روحانی کی صدرات میں سال میں دوبار ہوتا ہے اور اس کے فیصلے، غذائی اشیا، زراعت اور صحت پر براہ راست اثر انداز ہوتے ہیں۔درایں اثنا ارنا کو انٹرویو دیتے ہوئی فل ہوگن کا کہنا تھا کہ کوئی بھی یورپی ملک اسلامی جمہوریہ ایران کے خلاف پابندیوں کا خواہاں نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ امریکہ کی جانب سے ایٹمی معاہدے کی خلاف ورزی کی صورت میں بھی یورپی یونین ایران کے ساتھ تعاون کا سلسلہ جاری رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ یورپی یونین جامع ایٹمی معاہدے کی حمایت کرتی ہے اور امریکی حکام کو اپنے موقف سے بارہا آگاہ کرچکی ہے۔انہوں نے بتایا کہ اس سال ایران اور یورپی یونین کے درمیان دس ارب ڈالر مالیت کے سمجھوتوں پر دستخط کیے جائیں گے۔قابل ذکر ہے کہ یورپی یونین کے کمشنر برائے زراعت و دیہی ترقی فل ہوگن کی سربراہی میں یورپی یونین کا ایک ستر رکنی وفد ایران کا دورہ کر رہا ہے۔

ٹیگس