Nov ۱۳, ۲۰۱۷ ۰۹:۰۵ Asia/Tehran
  •   زلزلے کے متاثرین کی فوری مدد کرنے پر رہبر انقلاب اسلامی کی تاکید

رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے ایران کے مغربی علاقوں میں آنے والے زلزلے اور بڑے پیمانے پر جانی اور مالی نقصانات پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

حضرت آیت اللہ العظمی سیدعلی خامنہ ای نے اپنے اس پیغام میں اعلی حکام سے فرمایا کہ امدادی کاموں میں تیزی لائی جائے اورتمام وسائل سے استفادہ کیا جائے تا کہ جانی نقصانات کم سے کم ہوں۔

قائد انقلاب اسلامی نے فرمایا کہ فوج، سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی اورعوامی رضا کار فورس (بسیج) منظم طریقے سے امدادی سرگرمیوں میں حصہ لیں اور ملبے تلے دب جانے والوں کو نکالنے اور زخمیوں کو منتقل کرنے میں مدد کریں اور سرکاری، فوجی اور سول ادارے جاں بحق اور زخمی ہونے والوں اور اسی طرح متاثر ہونے والوں کے اہل خانہ کی ہر ممکن مدد کریں۔

حضرت آیت اللہ العظمی سیدعلی خامنہ ای نے دل کی گہرائیوں سے اس ناگوار سانحہ پر ایرانی عوام خاص طور سے کرمانشاہ کے لوگوں اور سانحہ کے متاثرین کے اہل خانہ کو تعزیت و تسلیت پیش کرتے ہوئے خداوند متعال سے اس رنج و مصیبت کو اپنی رحمت و فضل قرار دینے اور ایرانی قوم کے لئے صبر و استقامت کی دعا کی۔ انھوں نے اپنے اس پیغام میں ایک بار پھر تاکید کی کہ جو بھی متاثرین کی مدد کرسکتا ہے وہ ان کی فوری مدد کرے۔

اسلامی جمہوریہ ایران کے مغربی علاقوں میں کل رات آنے والے 7.3 رکٹر اسکیل پر زلزلے نے بڑے پیمانے پر تباہی مچا دی -

ٹیگس