امریکی پالیسیاں ہی علاقے میں بدامنی کا سبب ہیں
اسلامی جمہوریہ ایران نے کہا ہے کہ امریکی پالیسیاں ہی علاقے میں خطرات بدامنی اور بحرانوں کا سبب ہیں۔
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی نے کہا کہ علاقے اور دنیا میں امریکی حکومت کی پالیسیاں اور اقدامات، بدامنی اور خطرات کا باعث اور دہشت گردی کو پروان چڑھانے کا سب سے بڑا محرک ہیں-
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی نے آئی آر آئی بی نیوز ایجنسی سے اپنے انٹرویو میں امریکی وزیر خارجہ کے اس بیان کے جواب میں کہ ایران کے ایٹمی خطرات کا مقابلہ کرنے کی ضرورت ہے، کہا کہ امریکی وزیر خارجہ کا یہ الزام انتہائی شرمناک اور جھوٹ پر مبنی ہے-
ان کا کہنا تھا کہ اس قسم کے بیانات کا مقصد ایران کے خلاف واشنگٹن کی مخاصمانہ پالیسیوں کو جاری رکھنے کا جواز فراہم کرنا ہے-
ترجمان وزارت خارجہ نے امریکی وزیر خارجہ ریکس ٹلرسن کے اس الزام کو مسترد کرتے ہوئے کہ اسلامی جمہوریہ ایران علاقے کے لئے خطرہ ہے، کہا کہ ایران کی ایٹمی پالیسی پوری طرح شفاف اور پرامن مقاصد کے لئے ہے اور اس حقیقت کی آئی اے ای اے نے بھی بارہا تصدیق کی ہے-
انہوں نے کہا کہ یورپی ممالک کو، جو ایٹمی مذاکرات میں شریک تھے معلوم ہے کہ ایران کس طرح شفافیت کے ساتھ اپنی پالیسیوں کو آگے بڑھا رہا ہے-
واضح رہے کہ امریکی وزیر خارجہ ریکس ٹلرسن نے ایران کے خلاف بے بنیاد الزامات کی تکرار کرتے ہوئے یورپی یونین سے کہا کہ بقول ان کے ایران کے تخریبی اقدامات کو روکنے کے لئے امریکا کا ساتھ دے- انہوں نے دعوی کیا کہ شمالی کوریا کی طرح ایران بھی کہیں ایٹمی خطرہ نہ بن جائے-