بحران شام کے حل میں اقوام متحدہ کے کردار پر زور
ایران کے نائب وزیر خارجہ نے شام سمیت خطے کے بحرانوں میں اقوام متحدہ کے کردار میں اضافے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
آستانہ میں شام کے امور میں اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندے اسٹیفن ڈی مستورا کے ساتھ ملاقات میں ایران کے نائب وزیر خارجہ حسین جابری انصاری نے ان کوششوں سے آگاہ کیا جو تہران، شام کے بحران کو حل کرنے اور انسان دوستانہ امداد کی فراہمی کو آسان بنانے کی غرض سے انجام دے رہا ہے۔اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندے اسٹیفن ڈی مستورا نے بھی اس ملاقات میں اس موقع پر ایران کے نائب وزیر خارجہ کو شام مخالفین کے ساتھ ہونے والے آٹھویں دور کے نتائج اور آئندہ کے مذاکرات کے لیے اقوام متحدہ کی کوششوں سے آگاہ کیا۔اسی دوران ایران اور شام کے وفود نے بھی آستانہ میں ایک دوسرے سے ملاقات کی اور بحران شام میں الجھے ہوئے فریقوں کے درمیان قیدیوں، مغویوں اور لاشوں کے تبادلے جیسے معاملات پر تبادلہ خیال کیا۔قابل ذکر ہے کہ شام کے بارے میں امن مذاکرات کا آٹھواں دور جمعرات سے قزاقستان کے دارالحکومت آستانہ میں شروع ہوگیا ہے۔