تہران میں ایشیائی سیاسی جماعتوں کی عالمی کانفرنس
اسلامی جمہوریہ ایران کی میزبانی میں ایشیائی سیاسی جماعتوں کی دو روزہ کانفرنس کا آغاز جمعہ کے روز تہران میں ہوا جس میں ایرانی وزیرخارجہ کے مشیر برائے سیاسی امور سمیت اعلی قومی اور غیرملکی سیاسی شخصیات شریک ہیں۔
تفصیلات کے مطابق، اسلامی جمہوریہ ایران پہلی بار ایشیائی سیاسی جماعتوں کی بین الاقوامی کانفرنس (ICAPP) کی میزبانی کر رہا ہے۔
اس کانفرنس کے تحت ایشیائی سیاسی جماعتوں کی 29ویں مستقل کمیٹی اور شاہراہ ریشم پر اجلاس کا انعقاد کیا جائے گا جس میں ایران اور دنیا کے مختلف ممالک کے سیاسی رہنما شرکت کر رہے ہیں۔
سنیئر ایرانی حکام بشمول وزیر خارجہ کے مشیر برائے سیاسی امور سید عباس عراقچی سمیت ملکی اور غیر ملکی سیاسی رہنما اس کانفرنس میں خطاب بھی کریں گے۔
ایران کی اسلامی اتحاد پارٹی اس کانفرنس کی میزبانی کر رہی ہے جس میں سو سے زائد اعلی سیاسی رہنما، مختلف جماعتوں کے سکریٹری جنرل، 25 ایشیائی ممالک کی 40 جماعتوں کے اعلی حکام اور علاقائی اور بین الاقوامی اداروں کے عہدیدار شریک ہیں۔
کانفرنس کے 3 سیشن ہوں گے جس میں مندوبین کشیدگی کے خاتمے، انسداد انتہاپسندی، شہروں میں پائیدار ترقی اور سیاسی، ثقافتی اور شاہراہ ریشم میں تجارت کے فروغ کے حوالے سے سیاسی جماعتوں کے کردار پر تبادلہ خیال کریں گے۔
مندوبین میں چین، پاکستان، ترکی، عراق، جنوبی کوریا، جاپان، ہندوستان، لبنان اور دیگر ممالک کے اعلی سیاسی رہنما اور اراکین پارلیمنٹ شامل ہیں۔