Feb ۰۲, ۲۰۱۸ ۱۴:۱۳ Asia/Tehran
  • عظیم مشرق وسطی کا امریکی خواب کبھی پورا نہیں ہوگا

تہران کے خطیب جمعہ نے کہا ہے عظیم مشرق وسطی کی تشکیل کا امریکی حکام کا خواب کبھی بھی پورا نہیں ہوسکے گا۔

تہران کے خطیب جمعہ آیت اللہ سید احمد خاتمی نے نماز کے خطبوں میں کہا کہ امریکا ولایت فقیہ کے نظام کو نقصان پہنچانے کی کوشش کررہا ہے کہ جس کی تدبیر نے علاقے میں دہشت گرد گروہ داعش کو پھیلانے کے تعلق سے امریکی سازشوں کو ناکام اور عظیم مشرق وسطی کی تشکیل کا امریکی خواب چکنا چورکردیا۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ عظیم مشرق وسطی کی تشکیل کا امریکی خواب کبھی بھی پورا نہیں ہوسکے گا۔ تہران کے خطیب جمعہ نے کہا کہ یہی وجہ ہے کہ امریکا اسلامی جمہوری نظام کو گرانے اور ایران میں ولایت فقیہ کو نشانہ بنانے کی ناکام کوشش کررہا ہے۔
انہوں نے ایران کے بارے میں امریکی اسٹریٹیجی کا ذکرکرتے ہوئے کہا کہ امریکا کی اسٹریٹیجی ایران کے ایٹمی پروگرام کو کنٹرول کرنا، ایران کی دفاعی توانائیوں کو کم کرنا، حزب اللہ اور فلسطینی گروہوں کی حمایت سے تہران کو دستبردار کرنا اور امریکی خواہش کے مطابق عظیم مشرق وسطی کی تشکیل کی مخالفت سے ایران کو باز رکھنا تھا لیکن امریکا کو اپنی سبھی سازشوں اور منصوبوں میں ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا ہے۔
آیت اللہ سید احمد خاتمی نے کہا کہ ایران میں اس بات پر مکمل طور پر اتفاق پایا جاتا ہے کہ ایٹمی معاہدے پر دوبارہ مذاکرات نہیں ہوں گے اور ایران کی دفاعی توانائیوں اور میزائلی طاقت پر کسی سے بھی بات نہیں ہوگی اور نہ ہی کسی کو ان معاملات میں مداخلت کی اجازت دی جائے گی۔
تہران کے خطیب جمعہ نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران قرآنی تعلیمات اور آئین کے مطابق فلسطینی گروہوں اور حزب اللہ کی حمایت جاری رکھے گا۔انہوں نے علاقے میں امریکی پالیسیوں کا ذکرکرتے ہوئے کہا کہ واشنگٹن علاقے میں بدامنی کو پھیلانا چـاہتا ہے تا کہ صیہونی حکومت کی سیکورٹی کو یقینی بنائے۔ان کا کہنا تھا کہ امریکا اس وقت داعش کو امریکا میں منتقل کررہا ہے تاکہ اپنے سیاسی اور اقتصادی مقاصد حاصل کرسکے۔
آیت اللہ سید احمد خاتمی نے یمن میں سعودی عرب کے وحشیانہ حملوں اور بحرین کے تازہ ترین واقعات کا ذکرکرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب کے ناتجربہ کار ولیعہد نے اس ملک کو امریکا کی ایک ریاست میں تبدیل کردیا ہے اور آل خلیفہ حکومت نے بھی بحرینی نوجوانوں کو موت اور قید کی سزائیں دے کر اور بزرگ عالم دین آیت اللہ شیخ عیسی قاسم کی شہریت منسوخ کرکے بحرین کو ایک بڑا جیل خانہ بنا دیا ہے۔

ٹیگس