Feb ۰۵, ۲۰۱۸ ۲۰:۰۴ Asia/Tehran
  • خلیج فارس تعاون کونسل کا شیرازہ بکھرنے والا ہے، ڈاکٹر ولایتی

بین الاقوامی امور میں رہبرانقلاب اسلامی کے مشیر نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران ، شام ، عراق ، لبنان اور یمن علاقے کے حقیقی اتحادی ممالک ہیں اور خلیج فارس تعاون کونسل کا شیرازہ بکھر رہا ہے۔

بین الاقوامی امور میں رہبرانقلاب اسلامی کے مشیر ڈاکٹرعلی اکبر ولایتی نے ہمارے نمائندے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی انقلاب کا پیغام علاقے میں حاصل ہونے والی کامیابیوں کا راز ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ایران اپنی آزادی و خود مختاری کی بدولت علاقے کی سب سے بڑی طاقت بن چکا ہے۔
ڈاکٹر علی اکبرولایتی نے کہا کہ ایران اس قدر طاقتور ہوچکاہے کہ وہ نہ صرف اپنی تقدیر کا فیصلہ خود کرتا ہے بلکہ علاقے کے مستقبل کے بارے میں بھی فیصلہ لینے کی توانائی رکھتا ہے۔
ڈاکٹر علی اکبر ولایتی نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ علاقے میں طاقت کا توازن برقرار اور امن قائم رکھنے میں ایران کا کردار دنیا کی سپر طاقتوں سے کہیں زیادہ رہا ہے اور اس نے عراق اور شام کو تقسیم کرنے کے امریکی منصوبے کو ناکام بنا دیا ہے۔
ڈاکٹر ولایتی نے اس بات کا ذکرکرتے ہوئے کہ ایران میں سیکورٹی اور استحکام کو اسی طرح باقی رکھنے کے لئے سرحدوں پر سیکورٹی ضروری ہے کہا کہ اگر عراق تقسیم ہوجاتا تو ایران کی سرحدوں اور عراقی کردستان کے علاقے میں صیہونی حکومت کی فوجیں تعینات ہوتیں۔
انہوں نے کہا کہ ایران آج علاقے کا سب سے زیادہ مستحکم ملک ہے اور ایران نہ ہوتا تو مغربی ایشیا کا حساس علاقہ ٹکڑے ٹکڑے ہوچکا ہوتا۔
بین الاقوامی امور میں رہبرانقلاب اسلامی کے مشیر نے کہا کہ اسلامی انقلاب اپنی تمام تر خصوصیات اور پیغامات کے ساتھ سرحدوں کے باہر اپنا اثر دکھا رہا ہے اور اب علاقے میں امریکیوں کے لئے کوئی جگہ نہیں ہے۔

ٹیگس