غزہ میں صیہونی بربریت، مزید بے گناہ فلسطینی شہید
غزہ کے شیخ رضوان اور جبالیا النزلہ علاقوں پر صیہونی حکومت کے فضائی حملوں کے نتیجے ميں آج صبح سے جاری حملوں میں اب تک ستّر فلسطینی شہید ہوچکے ہيں۔
سحرنیوز/عالم اسلام:الحدث سعودی ٹی وی کے حوالے سے رپورٹ دی ہے کہ ان میں سے چھپّن افراد شہر غزہ میں شہید ہوئے ہيں جبکہ دسیوں دیگر زخمی ہوئے ہیں۔
مقامی ذرائع نے رپورٹ دی ہے کہ اسرائیل کے جنگي طیاروں نے شہر غزہ کے رہائشی علاقوں اور عارضی رہائشی خیموں اور اسکولوں پر بمباری میں اٹھارہ سے زيادہ کارروائیاں انجام دی ہیں۔
ان ذرائع کے مطابق ان میں سے بعض عمارتوں کے لئے حملے سے پہلے ہی خالی کرنے کا فرمان جاری کردیا گیا تھا مغربی شہر غزہ کے الشاطی کیمپ میں کئی رہائشی مکانات اور ایک اسکول کہ جو پناہ گزينوں کی رہائشگاہ تھی ، اسرائیلی فوج کے جنگی طیاروں کا نشانہ بن گیا ۔
اسی طرح ایسی حالت میں کہ جب فلسطینیوں کے لئے غزہ میں کوئي بھی جائے پناہ باقی نہيں بچی ہے ، سولہ رہائشی عمارتیں آج صبح سےاب تک تباہ و برباد ہوچکی ہیں جس کے باعث سیکڑوں پناہ گزيں خاندان سڑکوں پر دربدر ہوگئے ہیں۔
مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ شہر غزہ کے سیکڑوں افراد جنوبی غزہ پٹی ميں واقع خان یونس کے المواصی علاقے کی جانب چلے گئے ہیں جبکہ بعض خاندان ، جنوبی غزہ میں کوئی مناسب جگہ نہ ہونے کے باعث انھیں بدامن و غیرمحفوظ علاقوں کی جانب واپسی پر مجبور ہیں۔
دریں اثنا صیہونی حکومت کی فوج نے دھماکا خیزمواد استعمال کرتے ہوئے مشرقی شیخ رضوان میں کئی رہائشی عمارتوں اور گھروں کو پوری طرح منہدم کردیا ہے غزہ ، گذشتہ سات سو دنوں سے جنگ و تباہی کا سامنا کر رہا ہے جسے عصرحاضر کی طولانی ترین نسل کشی سے تعبیر کیا جا سکتا ہے، ایک ایسی جنگ کہ جو عاجز کردینے ، بھوکا رکھنے اور آبادی کو کوچ کرنے پر مجبور کرنے کے لئے شروع ہوئی ہے لیکن اس سے عوام کا عزم ٹوٹنے کے بجائے مزید محکم و استواراور ان کی استقامت پائدار ہوئی ہے۔