Sep ۱۳, ۲۰۲۵ ۱۸:۳۸ Asia/Tehran
  • شہباز شریف: افغانستان کو دہشت گردوں اور پاکستان میں سے ایک کا انتخاب کرنا ہوگا

پاکستان کے وزیراعظم وزیرِ اعظم شہباز شریف نے سیکورٹی فورسز پر دہشت گردانہ حملے کے بعد کہا ہے افغانستان کو دہشت گردوں اور پاکستان میں سے ایک کا انتخاب کرنا ہوگا۔

سحرنیوز/پاکستان: پاکستانی میڈيا کے مطابق صوبہ خیبرپختونخوا میں سیکورٹی فورسز پر ٹی ٹی پی کے دہشت گردانہ حملے میں بارہ سیکورٹی اہلکاروں کی ہلاکت کے بعد وزیرِ اعظم شہباز شریف بنوں پہنچے جہاں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر پہلے ہی موجود تھے۔

اس موقع پر پاکستانی وزیرِ اعظم اور پاکستانی آرمی چیف نے دہشت گردی سے متعلق اہم اور اعلیٰ سطح کے اجلاس میں شرکت کی اور جنوبی وزیرستان آپریشن میں مارے گئے بارہ فوجی جوانوں کی نمازِ جنازہ میں بھی شرکت کی۔

پاکستانی فوج کا کہنا ہے کہ سیکورٹی فورسز کی کارروائی پینتیس دہشت گردوں کو موت کے گھاٹ اتاردیا گیا ہے۔

پاکستانی وزیرِ اعظم شہباز شریف نے دعوی کیا کہ دہشت گردی کے واقعات میں افغان باشندے شامل ہیں ان کا کہنا تھا کہ دہشت گرد افغانستان سے آ کر پاکستان میں دہشت گردی کر رہے ہیں، غیر قانونی طور پر پاکستان میں مقیم افغان باشندوں کا جلد انخلاء انتہائی اہم ہے۔

شہبازشریف نے کہا کہ افغانستان کو خارجیوں یعنی دہشت گردوں اور پاکستان میں سے ایک کو انتخاب کرنا ہوگا -

واضح رہے کہ افغانستان کی عبوری طالبان حکومت دہشت گردی کے لئۓ افغانستان کی سرزمین استعمال ہونے کے پاکستان کے الزامات کو ہمیشہ مسترد کرتی رہتی ہے۔  

 

ٹیگس