ایران کی دفاعی توانائیوں پر کسی سے بات نہیں ہوگی
تہران کے خطیب جمعہ نے کہا ہے کہ ایران کی دفاعی توانائیوں پر کسی سے بات نہیں کی جائےگی۔
تہران کے خطیب جمعہ آیت اللہ سید احمد خاتمی نے نماز جمعہ کے خطبوں میں کہا کہ ایران اپنی دفاعی توانائیوں کے میدان میں دفاعی ساز و سامان منجملہ میزائلوں کی پیداوار اور تیاری کا کام جاری رکھےگا اور اس سلسلے میں کسی بھی کوئی بات نہیں کرے گا۔
انہوں نے ملک کی دفاعی توانائیوں کے بارے میں ایران کے اعلی حکام کے بیانات اور موقف کی قدر دانی کرتے ہوئے کہا کہ ایران اس معاملے پر کسی سے بھی بات نہیں کرے گا اور اپنی دفاعی توانائیوں میں اضافہ کرتا رہےگا۔
تہران کےخطیب جمعہ نے یمن پر سعودی عرب کی وحشیانہ جارحیت کا ذکرکرتے ہوئے کہا کہ یمن بے گناہ شہریوں کی قتلگاہ بن گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آل سعود ایک ایسے ملک پر بمباری کررہی ہے جہاں بیماریاں پھیل رہی ہیں، قحط کا ڈیرہ ہے اور لوگ بھوک سے مر رہے ہیں۔انہوں نے سعودی حملوں کو وحشتناک اور مجرمانہ قراردیا۔
تہران کے خطیب جمعہ آیت اللہ سید احمد خاتمی نے بحرین کی بھی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آل خلیفہ نے بحرین کو اس ملک کے عوام کے لئے ایک بڑے جیل خانے میں تبدیل کردیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ہر روز بحرینی نوجوانوں کو پھانسی اور طویل قید کی سزا سنائی جارہی ہے۔انہوں نےکہا کہ بحرین کے مظلوموں کا خون بہت جلد رنگ لائےگا اور بحرینی عوام کو آزادی نصیب ہوگی۔
تہران کے خطیب جمعہ نے میانمار کے روہنگیا مسلمانوں کے قتل عام کا ذکرکرتے ہوئے اقوام متحدہ، انسانی حقوق کی تنظیموں اور اسلامی تعاون تنظیم سے کہا کہ وہ روہنگیا مسلمانوں کے قتل عام کو بندکرانے کے لئے اپنی ذمہ داریاں پوری کریں۔