Mar ۳۰, ۲۰۱۸ ۲۰:۰۳ Asia/Tehran
  • شب مولود کعبہ، دنیا بھر میں جشن کا سماں

مولائے متقیان مولی الموحدین مولا امیرالمومنین حضرت علی بن ابیطالب (ع) کی ولادت با سعادت کے موقع پر دنیا بھر میں جشن کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے اور مساجد و امام بارگاہوں نیز مقدس مقامات پر قصیدہ خوانی کی محفلیں منعقد کی جا رہی ہیں۔

مولائے متقیان مولا امیرالمومنین حضرت علی بن ابیطالب علیہ السلام کی شب ولادت باسعادت کے موقع پر اسلامی جمہوریہ ایران میں سرکاری اور نجی عمارتوں اور سڑکوں کو انتہائی خوبصورتی کے ساتھ سجایا گیا ہے۔عاشقان حیدر کرار جگہ جگہ لوگوں میں شربت اور مٹھائیاں تقسیم کر رہے ہیں۔
جشن مولود کعبہ کے مرکزی اجتماعات مشہد المقدس میں حضرت امام علی رضا علیہ السلام کے حرم مطہر اور قم المقدسہ میں جناب فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیھا کے حرم مطہر میں جاری ہیں جہاں بڑی تعداد میں عاشقان اہلبیت اطہار(ع) جشن علوی میں شریک ہیں۔
مولائے کائنات کی ولادت باسعادت کے موقع پر عراق کے مقدس شہروں نجف اشرف، کربلائے معلی، کاظمین اور سامرہ میں بھی وسیع پیمانے پر جشن کا اہتمام کیا گیا ہے۔ جبکہ نجف اشرف میں لاکھوں کی تعداد میں عراقی اور غیر ملکی زائرین حضرت امام علی علیہ السلام کا جشن ولادت بڑی ہی دھوم سے منا رہے ہیں اور ذاکرین و شعرائے کرام بارگاہ علوی میں اپنے اپنے مخصوص انداز میں خراج عقیدت پیش کر رہے ہیں۔ پاکستان اور ہندوستان میں بھی جگہ جگہ محافل میلاد کا اہتمام کیا گیا ہے اور گھر گھر نذر و نیاز کا سلسلہ جاری ہے۔
 حضرت علی علیہ السلام تیرہ رجب المرجب سنہ تیس عام الفیل کو خانہ کعبہ میں اس دنیا میں تشریف لائے- آپ کی مادر گرامی جناب فاطمہ بنت اسد اپنے شوہر حضرت ابوطالب کے گھر سے نکل کر جیسے ہی خانہ کعبہ کے پاس پہنچیں دیوار کعبہ شق ہو گئی۔ آپ خانہ کعبہ میں داخل ہو گئیں اور یوں حضرت علی علیہ السلام کی خانہ کعبہ میں ولادت ہوئی۔
بچپن سے ہی حضرت علی علیہ السلام کی آغوش رسالت میں پرورش ہوئی اور پھر تبلیغ دین میں آپ ہمیشہ سرکار دوعالم حضرت محمد مصطفی (ص) کے ساتھ ساتھ رہے۔
مولائے کائنات فضائل و مناقب کا سمندر ہیں اور خود سرکار دو عالم (ص) کا ارشاد ہے کہ علی کی معرفت میرے اور اللہ کے سوا کسی کو نہیں ہے۔  

ٹیگس