ایران و پاکستان مشترکہ تاریخی اقدار کے حامل، ایڈمیرل حبیب اللہ سیاری
ایرانی فوج کے ڈپٹی کوآرڈینیٹر حبیب اللہ سیاّری نے کہا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران اور پاکستان، مشترکہ دینی و تاریخی اقدار کے حامل ہیں اور دونوں ممالک کی قومیں ایک دوسرے سے بخوبی واقف ہیں۔
ایڈمرل حبیب اللہ سیاری نے تہران میں منعقدہ بحر ہند کے ممالک کی بحریہ کے کمانڈروں کے اجلاس کے موقع پر پاکستان کی بحریہ کے کمانڈر ظفر محمود عباسی سے ملاقات میں کہا کہ دونوں ملکوں کی قوموں کی توانائیوں میں اضافہ کر کے قابل ذکر ترقی و پیشرفت کی جاسکتی ہے۔حبیب اللہ سیاّری نے مختلف شعبوں میں ایران اور پاکستان کے درمیان بڑھتے ہوئے تعاون کی قدردانی بھی کی۔ انھوں نے پاکستان کو دہشت گردی کا حامی ملک بناکر پیش کرنے کی عالمی استکبار کی اسٹریٹیجی کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ دشمنوں کو علاقے کے ملکوں کے بارے میں اظہار خیال کرنے کی اجازت نہیں دی جانی چاہئے۔اس ملاقات میں پاکستان کی بحریہ کے کمانڈر ظفر محمود عباسی نے بھی کہا کہ ایران و پاکستان کی اسٹریٹیجک پوزیشن اس بات کی متقاضی ہے کہ دونوں ملکوں کے درمیان روابط اور تعاون کو زیادہ سے زیادہ فروغ دیا جائے۔ واضح رہے کہ بحر ہند کے ملکوں کی بحریہ کے کمانڈروں کا چھٹا اجلاس ایران کی میزبانی میں تہران میں منعقد ہوا ہے جس میں پینتیس اعلی رتبہ فوجی وفود شریک ہیں۔