شام پر اسرائیلی حملہ، صیہونی تسلط پسندی کی واضح مثال
اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے شام پر قدس کی غاصب اور جابر صیہونی حکومت کے حالیہ حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ حملہ صیہونی جارحیت،تسلط پسندی اور جھوٹے دعووں کے ذریعے بحران پیدا کرنے کی واضح مثال ہے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی نے اس جانب اشارہ کرتے ہوئے کہ غاصب صیہونی حکومت اس قسم کی جارحیت اور اقدامات سے علاقے کی صورتحال کو خراب نہیں کرسکتی کہا کہ اسرائیل اپنی سلامتی کو علاقے کے حالات کو خراب کرنے میں دیکھتا ہے۔
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے صیہونی حکومت کی جارحیت پر عالمی اداروں اور ملکوں کی ڈرامائی خاموشی پر کہا کہ اسرائیل ان ملکوں کی جانب سے ہری جھنڈی دکھانے کی وجہ سے تسلسل کے ساتھ جارحیت کر رہا ہے اور صیہونی جارحیت کے مقابلے کے لئے شام کی حکومت اور عوام کی مزاحمت حق بہ جانب ہے۔
بہرام قاسمی نے کہا کہ اسرائیل شام پر حملہ کر کے اس کوشش میں ہے کہ اپنے پالے ہوئے دہشت گرد گروہوں کی شکست کا بدلہ لے اور طاقت کے توازن کو دہشت گرد گروہوں کے حق میں کرے لیکن اسے اس میں کامیابی حاصل نہیں ہوگی۔
واضح رہے کہ غاصب صیہونی حکومت نے حالیہ دنوں میں کئی بار شام کے مختلف علاقوں پر حملے کئے۔