Jun ۰۵, ۲۰۱۸ ۱۴:۳۲ Asia/Tehran
  • پانچ جون اسلامی انقلاب کی تحریک کے آغاز کا دن

آج پندرہ خرداد مطابق پانچ جون بانی انقلاب اسلامی حضرت امام خمینی رحمت اللہ علیہ کی قیادت میں اسلامی انقلاب کی تحریک کے آغاز کا دن ہے۔

پندرہ خرداد مطابق پانچ جون ایران کی تاریخ میں بہت اہمیت کی حامل ہے۔ ایران کے مقدس شہر قم میں واقع مدرسۂ فیضیہ میں  انیس سو ترسٹھ کو اسی دن، عاشور کی تقریر میں حضرت امام خمینی رحمت اللہ علیہ نے شاہی حکومت کی اسلام مخالف پالیسیوں اور صیہونی حکومت کے ساتھ اس کے روابط اور سازشوں کا پردہ فاش کیا تھا۔

اس تقریر کے بعد  ظالم شاہی حکومت کے کارندوں نے آپ کو گرفتار کر لیا تھا۔ حضرت امام خمینی رحمت اللہ علیہ کی گرفتاری کے بعد ایران کے مختلف شہروں میں عوام سڑکوں پر نکل آئے اور پورے ایران میں عوام کے احتجاجی مظاہرے شروع ہو گئے۔

شاہی حکومت کے جاسوسوں اور کارندوں نے حکومت مخالف مظاہروں کو کچلنے کے مقصد سے قم کے مدرسہ فیضیہ پر حملہ کر کے بڑی تعداد میں طلبا کو شہید اور زخمی کر دیا اور ایک بڑی تعداد کو گرفتار کر لیا۔

شاہی حکومت کے سیکورٹی اہلکاروں نے قم کے لوگوں میں خوف و ہراس پیدا کرنے کے لئے اس تحریک کو کچلنے کی کوشش کی لیکن پندرہ خرداد کی تحریک ایران کے دیگر شہروں تک پھیل گئی-  یہی وہ دن تھا کہ جب شاہ کی حکومت کے سقوط اور زوال کی شروعات اور اسلامی انقلاب کی کامیابی کی بنیاد رکھی گئی۔

حضرت امام خمینی رحمت اللہ علیہ کی اسلامی انقلابی تحریک پانچ جون انیس سو ترسٹھ کو شروع ہوئی اور سرانجام گیارہ فروری انیس اناسی کو کامیابی سے ہمکنار ہوئی اسی لئے کہا جاتا ہے کہ پانچ جون انیس سو ترسٹھ کی تاریخ کا اسلامی انقلاب کو کامیاب میں بنانے میں ناقابل انکار اور انتہائی درخشاں کردار ہے-

انیس سو ترسٹھ کے محرم میں  شاہی حکومت کے گماشتوں اور کارندوں کے ذریعے علما پر اس بات کی پابندی عائد کئے جانے کے باوجود کہ اسرائیلی حکومت اور فلسطینیوں کے خلاف اس کے مظالم کے بارے میں کچھ نہیں بولا جائے گا اور اس طرح کی باتیں نہیں کی جائیں گی کہ اسلام کو خطرات لاحق ہیں، حضرت امام خمینی رحمت اللہ علیہ نے جو ظلم وستم کے خلاف تحریک چلانے میں پرعزم تھے تیرہ خردار مطابق تین جون انیس سو ترسٹھ کو شاہی حکومت کے خلاف زبردست تقریر کی-

بانی انقلاب اسلامی ایران حضرت امام خمینی رحمت اللہ علیہ نے انیس سو ترسٹھ میں شاہ کی ظالم حکومت کے خلاف اپنی تحریک اور جدوجہد کو اہم مرحلے میں پہنچا دیا اور ایک عشرے سے زیادہ عرصے تک بیرون ملک جلا وطنی سمیت بے پناہ سختیوں کو برداشت کیا۔ .حضرت امام خمینی رحمت اللہ علیہ کے فرمان پر ایرانی تاریخ پندرہ خرداد مطابق پانچ جون کو ایران میں یوم سوگ کے طور پر منایا جاتا ہے-