امریکی پابندیوں کا مقابلہ کرنے کے لئے ایران کا عزم
اسلامی جمہوریہ ایران نے ملکی تیل برآمدات کو روکنے کے حوالے سے امریکی دباؤ کے جواب میں کہا کہ ایران اپنی صلاحیت پر انحصار کرتے ہوئے امریکی پابندیوں اور دباؤ کا مقابلہ کرے گا۔
اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی نے ایرانی تیل کی فروخت کو روکنے سے متعلق سنیئر امریکی عہدیدار کے بیان پر اپنے ردعمل میں کہا کہ امریکہ یہ بات مان لے کہ وہ دنیا میں اپنی ماضی کی پوزیشن کھو چکا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران، امریکی پابندیوں کا مقابلہ کرنے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے اور ہم اپنے اندرونی وسائل کے علاوہ بین الاقوامی سطح پر بھی موثر اقدامات اٹھانے کے لئے آمادہ ہیں۔
بہرام قاسمی نے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کو یہ باور کرنا چاہئے کہ دور حجری ختم ہوچکا ہے اور آج وہ دوسرے ممالک اور عوام پر اپنی یکطرفہ خواہشات کو مسلط نہیں کرسکتا۔ انہوں نے مزید کہا کہ شاید بعض ممالک ان پابندیوں اور دباؤ کی وجہ سے مشکلات کا شکار ہوں مگر آج دنیا اور اقوام میں شعور اور آگاہی بڑھ چکی ہے اور وہ یکطرفہ پالیسی کو ہرگز تسلیم نہیں کرتے۔
بہرام قاسمی نے کہا کہ بدقسمتی سے امریکہ کو اب تک یہ بات سمجھ نہیں آئی کہ ایرانی قوم آزاد و خودمختار ہے اور امریکہ اپنے پہلے ہی آزمائے ہوئے ناکام منصوبوں کی غلطی کو پھر سے دہرا ریا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں امید ہے کہ امریکی قیادت دنیا کے امن و سلامتی کو انتہاپسندانہ مؤقف کے ذریعے متنازع کرنے کے بجائے منطقی رویہ اپنائے گی۔