Jul ۰۷, ۲۰۱۸ ۱۸:۴۴ Asia/Tehran
  • ایران کے میزائل دفاعی نوعیت کے ہیں، بہرام قاسمی

ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی نے فرانسیسی وزیر خارجہ کے ایران مخالف موقف پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے تاکید کے ساتھ کہا ہے کہ ایران کا میزائل پروگرام قومی مفادات کے تحفظ کے لئے دفاعی نوعیت کا حامل ہے۔

ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی نے فرانسیسی وزیر خارجہ کے ایران کے میزائل پروگرام کے بارے میں بیان پر سخت ردعمل کا اظہار کیا ہے۔
فرانسیسی وزیر خارجہ لے دریان نے جمعے کے روز اپنے ملک کے آر ٹی ایل ریڈیو سے گفتگو میں ایران کے میزائل پروگرام کو نشانہ بنایا جس پر درعمل کا اظہار کرتے ہوئے ایران کے دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ ایرانی میزائل دفاعی نوعیت کے ہیں جن کا مقصد قومی مفادات کا تحفظ کرنا ہے۔
انھوں نے نیوز ایجنسی اسنا سے گفتگو کرتے ہوئے اس بات پر تاکید کی کہ ایران کے میزائل کسی بھی ملک کے لئے خطرہ نہیں ہیں اور یہ میزائل صرف دفاع کے لئے ہیں۔
وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ ایران نے حالیہ عشروں اور خاص طور سے ایران کے خلاف عراق کی صدام حکومت کی مسلط کردہ جنگ کے تجربے کے پیش نظر دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملانے اور اپنی سرحدوں کے دفاع کی غرض سے اپنے دفاع کو مضبوط و مستحکم بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔
ایران کے دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ ایران، خود دہشت گردی کی بھینٹ چڑھا ہے اور اس نے دہشت گردی کے خلاف مہم کو اپنی پالیسیوں کا ایک اصول قرار دیا ہے جس کے نتیجے میں علاقائی و عالمی سطح پر اچھے نتائج برآمد ہوئے ہیں۔
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی نے علاقے میں امن و استحکام اور اقتصادی ترقی کو ایران کے مفاد میں قرار دیا اور تاکید کے ساتھ کہا کہ ایران، علاقے میں امن و استحکام اور سیکورٹی میں ہی اپنے مفادات سمجھتا ہے اور اس مقصد کے حصول کے لئے وہ علاقے کے ملکوں کے ساتھ ہمیشہ تعاون کا خواہاں رہا ہے۔
بہرام قاسمی نے یمن پر حملے میں بعض مغربی ملکوں کی جانب سے جارح سعودی اتحاد کی حمایت کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ان مغربی ممالک نے سعودی اتحاد کی حمایت اور اسے ہتھیار فراہم کر کے اس اتحاد کو یمنی عوام کا خون بہانے کی ترغیب دلائی ہے بنابریں ان ممالک کو چاہئے کہ وہ یمن پر سعودی اتحاد کی جارحیت کی حمایت اور اس اتحاد خاص طور سے سعودی عرب کو ہتھیار فراہم کرنے کی اپنی پالیسیوں پر نظر ثانی کریں۔