Aug ۰۴, ۲۰۱۸ ۱۸:۲۸ Asia/Tehran
  • ایرانی سفیر کی عمران خان سے ملاقات

پاکستان میں اسلامی جمہوریہ ایران کے سفیر مہدی ہنردوست نے بنی گالہ میں پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور عنقریب وزارت عظمی کا عہدہ سنبھالنے والے عمران خان سے ملاقات کی اور انتخابات میں کامیابی پر ایران کے صدر کا مبارکبادی کا پیغام انہیں پیش کیا

اس ملاقات میں ایران کے سفیر مہدی ہنردوست نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ تعلقات میں توسیع ایران کی خارجہ پالیسی کی ترجیحات میں ہے - ایرانی سفیر کا کہنا تھا کہ ایران علاقائی تعاون اور ترقی کے ایجنڈے میں پاکستان کے ساتھ اشتراک اور باہمی تعاون کے لئے ہمہ وقت تیار ہے- ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے ساتھ مختلف میدانوں میں تعاون کے فروغ کے لئے تہران کسی بھی حد کا قائل نہیں ہے- ایرانی سفیر نے پاکستان کے ساتھ تجارتی تعلقات کو زیادہ سے زیادہ فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ایران پاکستان گیس پائپ لائن منصوبے سے پاکستان کا مستقبل بدل سکتا ہے اور تہران کی خواہش ہے کہ اس منصوبے پر پاکستان جلد سے جلد عمل درآمد شروع کردے - ان کا کہنا تھا کہ ایران اس سلسلے میں پاکستان کے ساتھ ہر طرح کی تعمیری بات چیت اور تعاون کے لئے تیار ہے - پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے بھی ایران کے صدر کی جانب سے تہنیتی پیغام پہنچانے اور مبارکباد پیش کرنے پر ایرانی سفیر کا شکریہ ادا کیا - عمران خان نے کہا کہ پاکستان ایران کے ساتھ تجارتی تعلقات کو فروغ دینے کا خواہاں ہے - پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے دشمنوں کے مقابلے میں اپنی سالمیت کا تحفظ کرنے کے تعلق سے ایران کے عزم و ارادے اور کردار کی تعریف کی - انہوں نے ایران کا دورہ کرنے اور مقدس اور تاریخی مقامات کی زیارت کی خواہش بھی ظاہر کی -