عیدالاضحی کی مناسبت سے صدر اور اسپیکر تہنیتی پیغامات
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر اور پارلیمنٹ کے اسپیکر نے اپنے الگ الگ پیغامات میں اسلامی ملکوں کے سربراہوں اور پارلیمانی اسپیکروں کو عیدالاضحی کی مبارکباد پیش کی ہے۔
صدر حسن روحانی نے اسلامی ملکوں کے سربراہوں کے نام عیدالاضحی کے اپنے تہنیتی پیغامات میں اس امید کا اظہار کیا ہے کہ پوری دنیا کے مسلمان بارگاہ ملکوتی میں حصول تقرب اور اوج کمال تک پہنچنے کا راستہ پوری سربلندی کے ساتھ طے کریں گے اور اپنی انانیت سے چھٹکارا حاصل اور معبودکے سامنے سرتسلیم خم کرکے آج کے دورے کے بڑے مسئلے یعنی تشدد اور انتہا پسندی پر قابو پائیں گے اور اسلامی اقوام کے درمیان امن و آشتی اور بھائی چارے کو فروغ دیں گے.
اسلامی جمہوریہ ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر ڈاکٹرعلی لاریجانی نے بھی اسلامی ملکوں کے پارلیمانی اسپیکروں کے نام اپنے تہنیتی پیغامات میں عیدالاضحی کی مبارکباد پیش کی ہے.
ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر نے اپنے ان پیغامات میں کہاکہ حج ابراہیمی سے حاصل کی گئیں تعلیمات اور معارف نے ہمارے لئے ایسے مواقع فراہم کردئے ہیں کہ دنیا بھر کے مسلمان اپنے اتحاد اور یکجہتی کے ذریعے اس تاریخی اور سنگین دور سے بخوبی عبور کرجائیں.
ان کا کہنا تھا کہ اسلامی انقلاب کی کامیابی کے آغاز سے ہی اسلامی جمہوریہ ایران کی اسٹریٹیجک پالیسی اسلامی ملکوں کے درمیان اتحاد و یکجہتی کو مضبوط بنانا رہی ہے۔
ایرانی اسپیکرنے کہا کہ تہران سبھی اسلامی ملکوں کے درمیان رشتوں کو پہلے سے بھی زیادہ فروغ دینے کے لئے ہرممکن تعاون کرنے کو تیار ہے۔