نیویارک میں عالمی رہنماؤں کی صدر ایران سے ملاقات
برطانوی وزیر اعظم اور فرانس کے صدر سمیت مختلف عالمی رہنماؤں نے نیویارک میں صدر ایران ڈاکٹر حسن روحانی سے ملاقات اور اہم علاقائی اور عالمی مسائل پر تبادلہ خیال کیا ہے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی اور برطانوی وزیراعظم تھریسامے کے مابین نیویارک میں ملاقات ہوئی جس میں ایران کے صدر نے اس جانب اشارہ کرتے ہوئے کہ جوہری توانائی کی عالمی ایجنسی نے اپنی متعدد رپورٹوں میں ایران کی جانب سے اپنے وعدوں پر عمل در آمد کرنے کا واضح اعلان کیا کہا کہ چند جانبہ معاہدوں میں فریقین کی جانب سے توازن برقرار رکھا جانا چاہئیے۔
برطانوی وزیراعظم نے جوہری معاہدے کے تحفظ کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے تہران اور لندن کے مابین اس سلسلے میں باہمی کوشش و تعاون پر کہا کہ برطانیہ، ایران کے ساتھ اقتصادی اور توانائی کے شعبے میں تعلقات کے فروغ کا خیر مقدم کرتا ہے۔
اسلامی جمہوریہ ایران اور فرانس کے صدور نے جوہری معاہدے کے تحفظ، اقتصادی اور بینکاری تعلقات کو فروغ دینے پر زور دیا۔
اس موقع پر دونوں ممالک کے صدور نے تجارتی، اقتصادی، مالیاتی، توانائی، علاقائی اور بین الاقوامی تعلقات بڑھانے پر بھی زور دیا۔
امانوئل میکرون نے ایران کے جنوبی شہر اہواز میں ہونے والے دہشت گردانہ حملے کے نتیجے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے افسوس کا اظہار اور تعزیت پیش کرتے ہوئے کہا کہ فرانس جوہری معاہدے کے تحفظ کے لئے پر عزم ہے۔
فرانسیسی صدر نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ایران کے موثر کردار پر کہا کہ ہمیں دہشت گردی اور ایک فریقی اقدام کے خلاف اٹھ کھڑا ہونا چاہیئے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے بلجیم کے وزیراعظم شارل میشل سے ہونے والی ملاقات میں یورپی یونین سے مطالبہ کیا کہ وہ جوہری معاہدے کے حوالے سے اپنے کیے گئے وعدوں پر عمل درآمد کرے۔
بلجیم کے وزیر اعظم نے مزید کہا کہ یورپ ایران میں سرمایہ کاری کے سلسلے میں اپنی کمپنیوں کو اطمینان دینے کے لئے ایک متبادل ادائیگی کا نظام قائم کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔
صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے نیویارک میں ناروے کی وزیر اعظم ارناسولبرگ کے ساتھ ملاقات میں دونوں ملکوں کے درمیان اقتصادی، سیاسی اور سائنسی تعلقات کے فروغ پر تاکید کی۔ صدر ایران نے کہا کہ دنیا کے تمام ملکوں کو جامع ایٹمی معاہدے کی حمایت کرنا چاہیے اور یہ بات انتہائی اہم ہے کہ دنیا امریکہ کی جانب سے ایٹمی معاہدے کی خلاف ورزی پر خاموش نہ رہے۔
ناروے کی وزیراعظم محترمہ ارنا سولبرگ نے اس موقع پر کہا کہ ان کا ملک ایران کے ساتھ تمام شعبوں میں تعاون کا فروغ چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جامع ایٹمی معاہدے کا دوام باہمی تعلقات کے فروغ کا اہم ذریعہ ہے لیکن سیاسی معاملات نے اس معاہدے کو نقصان پہنچایا ہے۔
صدر ایران نے آرمینیا کے صدر نکلول پاشنیا سے بھی ملاقات کی اور باہمی دلچسپی کے سب ہی معاملات پر تبادلہ خیا کیا۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے پیر کی شب نیویارک میں خارجہ پالیسی کے امریکی ماہرین اور دانشوروں سے بھی خطاب کیا ا ور یہ بات زور دے کر کہی کہ امریکہ کی وعدہ خلافیاں اور عہد شکنی تاریخ میں یاد رکھی جائے گی۔
صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے ایٹمی معاہدے سے امریکہ کی علیحدگی اور ایک غلطی قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس اقدام کی وجہ سے امریکہ عالمی سطح پر تنہا ہوگیا ہے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے امریکی ٹی وی چینل 'سی این این' کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے ایران میں حکومت کے خاتمے کے لئے امریکی حکومت کی آرزو کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ امریکی حکام ماضی میں ایران میں اسلامی انقلاب سے پہلے کی حکومت کی طرح ایک ایسی حکومت چاہتے تھےجو مکمل طور پر امریکی کنٹرول میں ہو۔ لیکن وہ اب تک اپنے اس مقصد میں کامیاب نہیں ہوئے اور ایرانی عوام ہمیشہ سربلند رہیں گے۔