Jan ۰۵, ۲۰۲۵ ۱۴:۳۵ Asia/Tehran
  • شہید قدس سید حسن نصراللہ کی آخری رسومات کی تاریخ سامنے آ گئی

سید حسن نصراللہ کی آخری رسومات کے وقت کا اعلان کر دیا گیا۔

سحر نیوز/ عالم اسلام: المنار کی رپورٹ کے مطابق لبنان کی عوامی تحریک حزب اللہ کے کمیونیکیشن اور کوآرڈینیشن کے سیکریٹری حاج وفیق صفا نے سید حسن نصر اللہ کی شہادت کے مقام کا دورہ کرنے کے موقع پر کہا کہ سید حسن نصر اللہ اب بھی ہمارے دلوں میں ہیں اور ان کے راستے کو جاری و ساری رکھا جائیگا۔

انہوں نے سید حسن نصر اللہ کی آخری رسومات کے وقت اور جگہ کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ 60 روزہ جنگ بندی کے بعد جنوبی بیروت میں سید حسن نصر اللہ کی آخری رسومات ادا کی جائینگی۔

انہوں نے کہا کہ حزب اللہ پہلے سے زیادہ مضبوط ہے اوراس کا مشاہدہ دشمن نے بھی کیا۔

حزب اللہ کے اس عہدیدار نے مزید کہا کہ حزب اللہ، لبنان کی تعمیر نو اور ملبہ ہٹانے کے لیے تیار ہے اور لبنانی عوام کی خدمت میں پیش پیش ہے۔

اس سے قبل عراقی نیٹ ورک العہد  نے حزب اللہ کے باخبر ذرائع کے حوالے سے خبر دی تھی کہ حزب اللہ کے سیکریٹری جنرل شہید سید حسن نصر اللہ کی میت کو بیروت انٹرنیشنل ایئرپورٹ جانے والی شاہراہ کے قریب ایک وسیع وعریض علاقے میں دفن کیا جائے گا اور پھر وہاں ان کا مزار بنایا جائے گا۔

اخبارالشرق الاوسط  نے بھی باخبر ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے کہا تھا کہ حزب اللہ کے سابق سیکریٹری جنرل کی میت کو رفیق حریری انٹرنیشنل ایر پورٹ کی طرف جانے والی شاہراہ کے قریبی علاقے میں دفن کیا جائیگا۔

جمعہ 6 اکتوبر کی شام کو غاصب اور دہشتگرد اسرائیلی فوج نے حزب اللہ کے کمانڈ سینٹر کو کم از کم 80 مارٹر بموں سے نشانہ بنایا۔ جس میں سید حسن نصر اللہ  شہید ہو گئے۔

ٹیگس