ہمیں یوکرین کا مسئلہ جلدی حل کرنا چاہیے تھا: صدر بیلا روس
بیلا روس کے صدر نے کہا ہے کہ ماسکو اور مینسک نے غلطی کی ہے کہ انھوں نے گذشتہ برسوں کے دوران یوکرین کا مسئلہ ختم نہیں کیا۔
سحر نیوز/ دنیا: ارنا کی رپورٹ کے مطابق بیلا روس کے صدر الیگزینڈر لوکاشنکو نے مینسک میں دولت مشترکہ کے ممالک کی سیکورٹی ایجنسیوں کے سربراہوں سے ملاقات میں کہا کہ ان کے ملک اور روس نے جو واحد غلطی کی، یہ ہے کہ ان دونوں ملکوں نے دو ہزار چودہ سے دو ہزار پندرہ تک جب یوکرین کے پاس فوج نہیں تھی اور وہ فوجی آمادگی نہیں رکھتا تھا، یوکرین کے مسئلے کو ختم نہیں کیا۔
بیلا روس کے صدر نے کہا کہ ہم دو ہزار چودہ پندرہ میں یوکرین کے مسئلے کو پرامن طور پر حل کرنا چاہتے تھے لیکن یوکرین اور اس کے حامیوں نے اس موقع کو یوکرین کی فوج کو منظم اور مسلح کرنے اور جنگ کے لیے تیار ہونے کے لیے استعمال کیا۔
درایں اثنا یوکرین کے وزیر دفاع اولیکسی رزنیکوف نے بھی سنگاپور میں شنگریلا گفتگو کے عنوان سے سالانہ اجلاس کے موقع پر امریکی وزیر جنگ لائیڈ آسٹن اور کینیڈا کی وزیر دفاع انیتا آنند سے ملاقات کی اور یوکرین کی زیادہ مدد و حمایت کے لیے ان کے ساتھ بات چیت کی۔
ادھر روس کے صوبے بلگورود کے گورنر ویاچسلاو گلادکوف نے بھی کہا ہے کہ جمعہ کے روز اس صوبے پر یوکرینی فوجیوں کی گولہ باری میں کم از کم دو افراد ہلاک اور دو کمسن لڑکوں سمیت چھے افراد زخمی ہو گئے۔ ان کا کہنا تھا کہ یوکرینی فوجیوں کی گولہ باری سے دو گھروں میں آگ لگ گئی جبکہ اس علاقے میں مزید چار گھروں کو نقصان پہنچا۔