ایران کے راستے غیر ملکی زائرین کی کربلائے معلی روانگی کا سلسلہ جاری
ایران کے راستے مختلف ملکوں کے زائرین کی کربلا کی جانب روانگی کا سلسلہ جاری ہے- اب تک پاکستان کے اڑتیس ہزار سے زائد اور تقریبا دس ہزار جمہوریہ آذربائیجان اور ہزاروں کی تعداد میں افغان زائرین ایران کے راستے کربلائے معلی کی جانب روانہ ہو چکے ہیں۔
ایران کے صوبہ سیستان و بلوچستان کے راہداری اور ٹرانسپورٹ کے محکمے کے ڈائریکٹر جنرل علی خانقائی نے میرجاوہ سرحد پر قائم بس اڈوں کا معائنہ کرنے کے موقع پر کہا کہ اب تک اڑ تیس ہزار سے زائد پاکستانی زائرین اربعین، میرجاوہ سرحد سے ایران میں داخل ہو چکے ہیں.
ان کا کہنا تھا کہ یہ تعداد اب تک گذشتہ برس کے مقابلے میں اٹھائیس فیصد زیادہ ہے- اس درمیان زاہدان شہر کی انتظامیہ نے کہا ہے کہ صوبے میں پاکستانی زائرین کی تعداد میں ہرلمحہ اضافے کے پیش نظر توقع ہے کہ پیر کی رات مزید سات ہزار سے زائد پاکستانی زائرین زاہدان پہنچیں گے۔
زاہدان شہر کی مقامی انتظامیہ کے سربراہ ابوذر مہدی نخعی نے کہا ہے کہ اتوار کی صبح سے پاکستانی زائرین کی آمد میں تیزی کے ساتھ اضافہ ہوا ہے اور اتوار کی رات تک پانچ ہزار سے زائد پاکستانی زائرین ایک دن میں ایران کے اندر داخل ہو چکے تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ سبھی زائرین چوالیس بسوں کے ذریعے ایران کے اندر منتقل کئے گئے-ان کا کہنا تھا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کی حکومت نے اعلان کیا ہے کہ جب تک پاکستانی زائرین ایران کی سرحد میں داخل ہوتے رہیں گے، اس وقت تک سرحد کھلی رہے گی تاکہ زائرین سید الشہدا جلد سے جلد زاہدان میں واقع زائر سرائے امام رضا میں منتقل ہوں۔
انھوں نے بتایا کہ پاکستان کے زائرین کے لئے زاہدان کی زائر سرائے امام رضا کے علاوہ دیگر مراکز بھی قائم کئے گئے ہیں جہاں ان کے لئے ہر طرح کی سہولتیں فراہم کی گئی ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ پاکستان کے زائرین اربعین، ایک رات زاہدان میں قیام کرنے کے بعد دوسرے دن عراقی سرحد کی جانب روانہ ہوتے ہیں۔
ادھرایران کے مغربی سرحدی شہر تایباد کی انتظامیہ نے بتایا ہے کہ اتوار تک ایک ہزار تین سو پچاس افغان زائرین، نو قافلوں میں کربلائے معلی جانے کے لئے صوبہ خراسان رضوی میں واقع ایران اور افغانستان کی سرحد دوغارون سے ایران کے اندر داخل ہو چکے تھے-
تایباد شہر کی مقامی انتظامیہ ک سربراہ حسین شرافتی راد نے کہا کہ افغانستان سے آنے والے زائرین اربعین کو ہر طرح کی سہولتیں فراہم کرنے کے لئے متعلقہ ادارے پوری طرح سے سرگرم ہیں-
ان کا کہنا تھا کہ توقع ہے کہ چالیس ہزار افغان زائرین، کربلائے معلی میں اربعین حسینی کے عظیم الشان مارچ میں شرکت کے لئے افغانستان سے ایران ہوتے ہوئے، عراق پہنچیں گے-
دوسری جانب آستارا سرحد پر واقع سرحدی چیک پوائنٹ کے سربراہ نے بھی بتایا ہے کہ اب تک نو ہزار تین سو بتیس غیر ملکی زائرین اربعین کربلائے معلی جانے کے لئے آستارا سرحد سے ایران کے اندر داخل ہو چکے ہیں-
ان کا کہنا تھا کہ یہ سبھی غیر ملکی زائرین ایک سو انسٹھ بسوں اور چھے مینی بسوں سے ایران کے سرحدی علاقے آستارا پہنچے اور پھر انہیں وہاں بنائے گئے موکب میں ٹھہرانے اور ان کی ہر طرح کی پذیرائی کرنے کے بعد کربلائے معلی کی جانب روانہ کر دیا گیا-
ادھر ایران کے شمال مغربی سرحدی شہر خوئی کے قریب واقع بازرگان سرحد پر بھی غیر ملکی زائرین کے لئے العباس نام کا موکب قائم کیا گیا ہے- اس موکب کے منتظم نے بتایا ہے کہ ایران کے شمال مغربی صوبوں کردستان اور مغربی آذربائیجان میں واقع سرحدی علاقوں میں داخل ہونے والے غیرملکی زائرین کا وہاں موجود عاشقان امام حسین علیہ السلام زبردست اور والہانہ استقبال کر رہے ہیں-
اس درمیان ایران کے جنوبی صوبے خوزستان کے گورنر نے کہا ہے کہ صفر المظفر کے ابتدائی دنوں سے اب تک صوبہ خوزستان میں واقع شلمچہ اور چذابہ سرحدوں سے دو لاکھ سے زائد زائرین عظیم الشان اربعین حسینی مارچ میں شرکت کے لئے عراق میں داخل ہو چکے ہیں-
ان کا کہنا تھا کہ تئیس ہزار سے زائد غیر ملکی زائرین بھی شلمچہ بارڈر سے عراق میں داخل ہوئے ہیں-