ایران کی جانب سے کابل دہشتگردانہ دھماکے کی مذمت
اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کابل میں عید میلادالنبی (ص) کے موقع پر ہونے والے دھماکے کی جس میں اس ملک کے علماء،سیاسی و مذھبی شخصیات اور عوام کی بڑی تعداد شہید اور زخمی ہوئے مذمت کرتے ہوئے شہید ہونے والوں کے اہل خانہ سے تعزیت اور همدردی کا اظہار کیا۔
اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی نے منگل کی شام پیغمبر رحمت و شفقت کی مبارک میلاد کی مناسبت سے منعقد ہونے والے پروگرام میں دہشتگردانہ اور ہولناک حملے کی جس میں افغانستان کے کئی علماء شہید ہوئے مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس قسم کے دھماکے کرنے والے عناصر کا ھدف ومقصد صرف اور صرف اس ملک میں لسانی اور مذھبی فتنے کی آگ بھڑکانا ہے۔
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ افغان عوام اپنے اتحاد اور حکومت کی حمایت و پشتپناہی کے ذریعے دشمنوں کی سازشوں کو ناکام بنا دیں گے۔
واضح رہے کہ منگل کی شام افغانستان کے دارالحکومت کابل میں عید میلادالنبی (ص) کی تقریب کے دوران دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں کم از کم 60 افراد شہید اور 80 سے زائد زخمی ہوگئے۔