ایران کے خلاف پابندیاں بچوں کی سلامتی و رفاہ کے منافی
قانونی اور بین الاقوامی امور میں ایران کے نائب وزیر خارجہ غلام حسین دہقانی نے ایران کے خلاف امریکہ کی یکطرفہ پابندیوں کو ایرانی بچوں کی سلامتی و رفاہ کے منافی اور ایران کے ساتھ دیگر ملکوں کے تعلقات کے لئے باعث نقصان قرار دیا ہے۔
انھوں نے بدھ کے روز تہران میں بچوں کے حقوق سے متعلق علاقائی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ ایسی حالت میں ایران پر انسانی حقوق کی خلاف ورزی کا الزام عائد کرتا ہے کہ ایران، برسوں سے پڑوسی ملکوں کے پناہ گزینوں اور ان کے اہل خانہ اور بچوں کا میزبان ہوا ہے اور گذشتہ تین صدیوں کے دوران ایران نے کبھی کسی ملک کو جارحیت کا نشانہ نہیں بنایا ہے اور نہ ہی کبھی کسی جنگ کا آغاز کر بنا ہے۔
غلام حسین دہقانی نے کہا کہ ایران نے مسلط کردہ آٹھ سالہ جنگ کا سامنا کرنے کے باوجود بچوں کی اموات میں کمی اور ان کے ہر طرح کے حقوق کو فروغ دینے میں اہم کامیابیاں حاصل کی ہیں اور اس بات کا عالمی اداروں نے بھی اعتراف کیا ہے۔
انھوں نے مشرق وسطی میں بچوں کی موجودہ صورت حال کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ عراق، شام، یمن، فلسطین اور افغانستان کے بچے سالوں سے علاقے میں امریکی مفادات اور اس کی آلہ کار حکومتوں کی مہم جوئی کی بھینٹ چڑھ رہے ہیں۔
واضح رہے کہ تہران میں بچوں کے حقوق سے متعلق یہ علاقائی کانفرنس دس سے زائد ملکوں کے نمائندوں کی شرکت سے بدھ کے روز شروع ہوئی ہے اور آئندہ جمعے تک جاری رہے گی۔