Dec ۲۵, ۲۰۱۸ ۱۹:۱۳ Asia/Tehran
  • ایران اور روس کے درمیان فوجی تعاون کی توسیع

ایران کی مسلح افواج کمیٹی کے سربراہ اور روس کی مسلح افواج کمیٹی کے نائب سربراہ نے دو طرفہ فوجی تعاون کی توسیع کی ضرورت پر زور دیا۔

ایران کی مسلح افواج کمیٹی کے سربراہ میجر جنرل محمد باقری نے منگل کے روز تہران میں روس کی مسلح افواج کمیٹی کے نائب سربراہ جنرل اسٹینوف سے گفتگو میں علاقے اور پوری دنیا کی حساس صورت حال کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ شام میں دہشت گردی کے خلاف ایران اور روس کی فوجی کامیابی اور علاقے میں دہشت گردی کو ملنے والی شکست سے خطرات کے مقابلے میں دونوں ملکوں کے عزم کا پتہ چلتا ہے۔

انھوں نے تاکید کے ساتھ کہا کہ ایران و روس کی جیوپولیٹکس اور جیو اسٹریٹیجک پوزیشن اور توانائیاں اس بات کی متقاضی ہیں کہ دونوں ملکوں کی مسلح افواج اپنے دو طرفہ تعاون کو زیادہ سے زیادہ فروغ دیں۔

اس ملاقات میں روس کی مسلح افواج کمیٹی کے نائب سربراہ جنرل اسٹینوف نے بھی ایران اور روس کے تاریخی تعلقات کی طرف اشارہ کیا اور کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کی کافی گنجائش پائی جاتی ہے۔

انھوں نے اپنے دورہ تہران میں اسی طرح ایران کی بحریہ کے کمانڈر ریئر اڈمیرل حسین خانزادی سے ملاقات کی۔ اس ملاقات میں فریقین نے دونوں ملکوں کے دو طرفہ فوجی تعاون اور اسی طرح مشترکہ فوجی مشقوں کے انعقاد کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔

ٹیگس