رہبر انقلاب اسلامی کی امامت میں آیت اللہ شاہرودی کی نماز جنازہ
تہران کے مصلائے امام خمینی رح میں مرحوم آیت اللہ شاہرودی کی نماز جنازہ رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای کی امامت میں ادا کی گئی۔
رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای کی امامت میں بدھ کی صبح مرحوم آیت اللہ ہاشمی شاہرودی کی نماز جنازہ تہران کے مصلائے امام خمینی رح تہران میں ادا کی گئی جس میں صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی، پارلیمنٹ کے اسپیکر ڈاکٹر علی لاریجانی، عدلیہ کے سربراہ صادق آملی لاریجانی، دیگر اعلی حکام، علمائے کرام، اہم سیاسی اور مذہبی شخصیات اور اسی طرح عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
تہران میں نماز جنازہ ادا کئے جانے کے بعد مرحوم آیت اللہ ہاشمی شاہرودی کی میت کو حضرت معصومہ (س) کے حرم مطہرمیں سپرد خاک کرنے کے لئے قم روانہ کر دیا گیا۔
دوسری جانب مرحوم آیت اللہ ہاشمی شاہرودی کی وفات پر تسلیت و تعزیت کا سلسلہ جاری ہے اور دوسرے ممالک کی طرح پاکستان سے بھی تعزیتی پیغامات موصول ہو رہے ہیں۔
واضح رہے کہ تشخیص مصلحت نظام کونسل کے سربراہ فقیہ عالیقدر آیت الله ہاشمی شاہرودی کا پیر کے روزستر برس کی عمر میں ایک سال تک دردناک بیماری کی تکلیف برداشت کرنے کے بعد انتقال ہوگیا۔
آیت الله ہاشمی شاہرودی انیس سو اڑتالیس میں عراق کے مقدس شہر نجف اشرف میں پیدا ہوئے.
آیت الله ہاشمی شاہرودی کئی سال تک آئین کی نگراں کونسل کے رکن رہے، جبکہ رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای نے انہیں عدلیہ کا سربراہ منتخب کیا اور وہ 1999 سے 2009 تک عدلیہ کے سربراہ کے عہدے پر فائز رہے جبکہ وہ تشخیص مصلحت نظام کونسل کے سربراہ بھی تھے۔