قائد انقلاب کے حالیہ خطاب پر عالمی ذرائع ابلاغ کا ردعمل
بانی انقلاب اسلامی کی برسی پر انجام پانے والا قائد انقلاب کا رہنما خطاب عالمی ذرائع ابلاغ کی توجہ کا مرکز بنا ہے اور وسیع پیمانے پر اس پر عالمی ردعمل سامنے آیا ہے۔
سحر نیوز/ایران: رویٹرز نیوز ایجنسی نے آیت اللہ العظمیٰ خامنہ ای کے حوالے سے لکھا کہ ایرانی حکومت و عوام کو آمنے سامنے لا کھڑا کرنے کے سلسلے میں دشمن کے اندازے غلط ہیں۔
سوئس انفو نیوز چینل نے بھی اختلافات و بدامنی کو ہوا دینے پر مبنی ایران میں دشمن طاقتوں کی کوششوں کے حوالے سے قائد انقلاب اسلامی کے جملوں کو نشر کیا۔
یو ایس ویب سائٹ نے بھی رہبر انقلاب کے حوالے سے لکھا کہ آج دشمن کی سب سے بڑی آرزو ایران میں حکومت و عوام کو آمنے سامنے لاکھڑا کرنا ہے مگر ان کے اندازے ہمیشہ کی طرح غلط ہیں۔
برطانیہ کی ڈیلی ایکپریس اور ٹائمز ویب سائٹوں نے بھی دشمنان ایران کے لئے قائد انقلاب کے انتباہ اور دشمن ممالک کے غلط اندازوں کے سلسلے میں قائد کے جملوں پر توجہ دی ہے۔
لبنان کے المنار چینل نے قائد انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای کی ایک گھنٹے سے زائد طولانی خطاب کو مکمل طور پر براہ راست نشر کیا۔
نیوز ایجنسی یو نیوز نے ایران میں جمہوری نظام کے حوالے سے قائد انقلاب اسلامی کے بیان کو اپنی سرخیوں میں جگہ دیتے ہوئے لکھا کہ اسلامی جمہوریہ ایران میں اسلامی انقلاب عوام کے سہارے وجود میں آیا اور عوام نے ایک شفاف انتخابات میں اس انقلاب کو چنا اور گزشتہ تینتالیس برسوں میں پچاس سے زائد انتخابات ملک میں انجام پائے ہیں۔
لبنان کی العہد ویب سائٹ نے اپنی رپورٹ میں قائد انقلاب کے اُس جملے پر توجہ دی جس میں آپ نے فرمایا تھا کہ امام خمینی (رح) نے روز اول سے اپنے عوام پر تکیہ کیا ہے۔
یمن کی المسیرہ ویب سائٹ نے امام خمینی (رح) کی شخصیت کے بارے میں قائد انقلاب اسلامی کے جملے کو سرخی بناتے ہوئے لکھا ہے کہ امام خمینی ایک منفرد اور عدیم المثال شخصیت تھے جنہوں نے انقلاب اسلامی کو ترقی کی معراج پر پہنچایا۔
الجزیرہ چینل نے بھی ایرانی حکومت اور عوام کے درمیان خلیج پیدا کرنے پر مبنی دشمن ممالک کی کوششوں کے حوالے سے قائد انقلاب اسلامی کے جملوں کو اپنی رپورٹ میں شامل کیا ہے۔