برطانوی وزیر خارجہ کا بیان ایران کے داخلی امور میں مداخلت، بہرام قاسمی
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ برطانوی وزیر خارجہ کا عجلت پسندانہ نادرست ایران مخالف بیان ایک آزاد ملک کے داخلی امور میں کھلی مداخلت ہے۔
برطانیہ کے وزیر خارجہ جرمی ہنٹ نے اپنے ایک مداخلت پسندانہ بیان میں ایران میں نازنین زاغری کو قید میں رکھے جانے پر تنقید کی ہے۔
نازنین زاغری کو، جو ذرائع ابلاغ عامہ کی کمپنی تھامسن روئیٹر میں ایک پروجیکٹ کی ڈائریکٹر کی حیثیت سے سرگرم عمل تھی، ایران میں چار اپریل دو ہزار سولہ کو گرفتار کرلیا گیا تھا۔
نازنین زاغری اغیار کی کمپنیوں اور اداروں میں رکنیت رکھتے ہوئے ذرائع ابلاغ عامہ اور سائبر منصوبوں میں شمولیت اختیار کر کے ایران کے اسلامی جمہوری نظام حکومت کو سافٹ ورک طریقے سے ختم کئے جانے کے منصوبے پر کام کر رہی تھی۔
ایران کے دفتر خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی نے ہفتے کے روز ایران کے خلاف برطانوی وزیر خارجہ جرمی ہنٹ کے مداخلت پسندانہ بیان پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ برطانیہ کی حکومت کو چاہئے کہ دیگر ملکوں کے داخلی امور میں مداخلت کرنے کے بجائے یمن کو جارحیت کا نشانہ بنانے والے ملکوں کی حمایت اور انھیں عام شہریوں کا قتل عام کرنے کے لئے ہتھیار فراہم کرنے پر کہ جس کے نتیجے میں اس ملک میں انسانی المیہ بھی رونما ہوا ہے، شرمسار ہونا چاہئے۔
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے یمن، شام اور فلسطین کے عوام کی افسوسناک صورت حال کو برطانیہ اور ان ملکوں کے کردار کا نتیجہ قرار دیا جو برطانیہ سے ہتھیار حاصل کرتے رہے ہیں، اور کہا کہ برطانیہ کے فراہم کردہ ہتھیار مغربی ایشیا کے علاقے میں نفرت و جنگ اور تباہی و بربادی کا باعث بنے ہیں اس لئے کہ جنگ اور اس سے ہونے والی تباہی میں برطانیہ کی جانب سے فراہم کئے جانے والے ہتھیاروں کو استعمال کیا جاتا رہا ہے۔
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی نے اس سلسلے میں خاص طور سے یمن کا ذکر کیا اور کہا کہ برطانیہ ،یمنی عوام کے خلاف سعودی اتحاد کی مسلط کردہ جنگ میں سعودی عرب کی حمایت اور اسے بے تحاشہ ہتھیار فراہم کر کے یمنی عوام کے قتل عام اور جنگی جرائم میں شریک ملک سمجھاجاتا ہے اور اس سلسلے میں یمن کی عوامی تحریک انصاراللہ نے بارہا برطانیہ اور امریکہ پر کڑی تنقید بھی کی ہے اور ان ملکوں کی جانب سے سعودی عرب کو ہتھیاروں کی فراہمی فوری طور پر بند کئے جانے کا مطالبہ کیا ہے۔