امریکہ نے بارہا ایران سے مذاکرات کی خواہش ظاہر کی، ایران ( تفصیلی خبر)
ایران کی قومی سلامتی کی اعلی کونسل کے سیکریٹری علی شمخانی نے کہا ہے کہ امریکہ جھوٹ بول رہا ہے کہ ایران نے اسے مذاکرات کا پیغام دیا ہے۔ ایران کے دفترخارجہ کے ترجمان نے ایران کی صورت حال کے حوالے سے امریکی صدر کے دعوے پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ، ایران کے خلاف خام خیالی میں مبتلا ہیں جن کی خواہشات ہرگز پوری نہیں ہوں گی۔
ایران کی قومی سلامتی کی اعلی کونسل کے سیکریٹری علی شمخانی نے اس بات کا انکشاف کیا ہے کہ امریکہ نے انھیں افغانستان کے حالیہ دورے کے موقع پر دو مرتبہ ایران کے ساتھ مذاکرات کرنے کی خواہش کا پیغام بھجوایا تھا۔
ایڈمیرل علی شمخانی نے ارنا نیوز ایجنسی کے نمائندے کے سوال کے جواب میں کہا کہ امریکہ نے ایک پیغام رساں کے ذریعے انھیں حالیہ دورہ افغانستان کے موقع پر ایران کے ساتھ مذاکرات میں اپنی دلچسپی کا اظہار کیاتھا۔
انہوں نے کہا کہ امریکہ جھوٹ بول رہا ہے کہ ایران نے اسے مذاکرات کا پیغام دیا ہے۔ انہوں نے مغربی ایشیا میں سلامتی سے متعلق عالمی کانفرنس کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بعض علاقائی ممالک میں ایران فوجی مشاورت کے مقصد سے موجود ہے لہذا ان ممالک میں ہماری کوئی فوجی موجودگی نہیں ہے۔
ایڈمیرل علی شمخانی کا کہنا تھا کہ یمن، شام اور عراق کے عوام مثالی مزاحمت کے ذریعے اپنے ملکوں کا دفاع کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مغربی دنیا مختلف مسائل ومشکلات کا شکار ہے اور فرانس کو پیلی جیکٹ والوں کے مظاہروں کا سامنا ہے.
اعلی ایرانی سیکورٹی عہدیدار کا کہنا تھا کہ شام سے امریکی انخلاء نہ صرف ایک شکست پر مبنی انخلاء ہے بلکہ اس سے امریکہ کا مستقبل بھی تاریک نظرآتا ہے۔ ایڈمیرل علی شمخانی نے کہا کہ امریکہ نے شام میں داعش کے خاتمے کیلئے نہ فقط کوئی کردارادا نہیں کیا بلکہ اس کی پالیسی شکست سے دوچار ہوئی ہے۔
دوسری جانب ایران کے دفترخارجہ کے ترجمان نے ایران کی صورت حال کے حوالے سے امریکی صدر کے دعوے پر اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ ایران کے خلاف خام خیالی میں مبتلا ہیں جن کی خواہشات ہرگز پوری نہیں ہوں گی۔
اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اس دعوے پر کہ ایران مذاکرات کا خواہاں ہے سخت رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ ماضی کی طرح ایران اور ہماری مہذب قوم سے متعلق اپنی ہرزہ سرائی کو دہرا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایران مخالف امریکی عزائم اور خام خیالی کا کوئی نتیجہ نہیں نکلا اور نہ ہی وہ ایرانی قوم کے سامنے کچھ کر سکے اور یقینا امریکہ مستقبل میں بھی ایران کے خلاف کچھ نہیں کر سکے گا۔
بہرام قاسمی نے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ یہ جان لیں کہ ایرانی قوم کبھی بھی امریکی دباؤ اور ظالمانہ اقدامات کے سامنے سر نہیں جھکائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایرانی عوام کی تاریخ ان کی مزاحمت اور کامیابیوں سے بھری ہوئی ہے اور ہمیں پابندیوں اور ظالمانہ دباؤ کا مقابلہ کرنا اچھی طرح آتا ہے۔
واضح رہے کہ امریکی صدر ٹرمپ نے جوہری معاہدے سے نکلنے کے بعد ایران پر پابندیاں عائد کیں اور ان ہی پابندیوں کے تناظر میں ایک مرتبہ پھردعوی کیا ہے کہ امریکی پابندیاں ایران پر اثر انداز ہوئی ہیں اور ایران امریکہ سے مذاکرات کا خواہاں ہے۔