Feb ۰۷, ۲۰۱۹ ۱۷:۵۹ Asia/Tehran
  • دھمکیوں سےڈریں گے نہ ہی پیچھے ہٹیں گے، سربراہ ایرانی مسلح افواج

ایران کی مسلح افواج کے سربراہ میجرجنرل محمد باقری نے کہا ہے کہ ملک کی دفاعی توانائیوں، میزائل پروگرام اور علاقائی مفادات پر کوئی سودے بازی نہیں کی جائے گی۔

جمعرات کو دفاعی نمائش کے موقع پر ایران میں غیرملکی سفرا اور فوجی اتاشیوں کے ساتھ ایک ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے میجر جنرل محمد باقری کا کہنا تھا کہ" سامراجی حکومتوں اور توسیع پسند ممالک کے لیے ایران کا پیغام یہ ہے کہ ہم ان کی دھمکیوں سے پیچھے ہٹنے والے نہیں اور نہ ہی ہم اپنے دفاع، میزائل پروگرام اور علاقائی مفادات پر سمجھوتہ کریں گے۔انہوں نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران دنیا کے تمام دوست ملکوں کے ساتھ فوجی اور دفاعی شعبوں میں تعاون کو فروغ دینا چاہتا ہے اور ایران کی مسلح افواج اس کے لیے پوری طرح آمادہ ہیں۔

میجر جنرل محمد باقری نے واضح کیا کہ ایران کی فوجی حکمت عملی دفاع پر استوار ہے اور پـچھلے چالیس برسوں کے دوران ایران کی مسلح افواج کے تمام تر اقدامات بیرونی خطرات کو روکنے اور دفاع کے جائز حق کے دائرے میں انجام پائے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایران کی مسلح افواج نے ہمیشہ ثابت کیا ہے کہ وہ عالمی امن و سلامتی اور علاقے کے عوام کے دفاع کے لیے آمادہ ہیں اور اس کے لئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گی۔

ایران کی مسلح افواج کے سربراہ نے مزید کہا کہ دہشتگردی کے خلاف ایران کی موثر کارکردگی اور قربانیاں بے مثال ہیں اور ایران نے شام اور عراق کی مسلح افواج کے ساتھ مل کر داعش کی کمر توڑدی۔

میجرجنرل محمد باقری نے واضح کیا کہ خلیج فارس اور آبنائے ہرمز کی صورتحال پر ہماری گہری نظر ہے اور ایران کی مسلح افواج اس علاقے کی سلامتی اور استحکام کے خلاف کسی بھی اقدام کو برادشت نہیں کریں گی۔

ٹیگس