Feb ۱۱, ۲۰۱۹ ۱۹:۲۸ Asia/Tehran
  • جشن انقلاب کی ریلیوں میں شاندار شرکت پر عوام کے لئے صدر کا پیغام تشکر

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے کہا ہے کہ ایران کے غیور عوام نے ثابت کردیا ہے کہ وہ کسی بھی صورت میں اپنی خود مختاری عزت اور سربلندی کا سودا نہیں کریں گے۔

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے پیرکو اسلامی انقلاب کی چالیسویں سالگرہ کی ریلیوں میں عوام کی تاریخی اور یاد گار شرکت پر ایک بیان جاری کرکے ان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ میں ایران کی عظیم قوم کے سامنے سر تعظیم خم کرتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ وہ عوام کے ایک ایک فرد کا جنھوں نے مکمل ہوشیاری کا ثبوت پیش کرتے ہوئے اس تاریخی اور تقدیر ساز دن کی مناسبت سے نکالی گئیں  ریلیوں میں شرکت کرکے انقلاب کی درخشاں تاریخ میں ایک اور سنہری باب کا اضافہ کیا اور دنیا والوں کے سامنے اپنے اتحاد و یگانگت کا شاندار جلوہ پیش کیا،  شکریہ ادا کرتے ہیں۔

صدر مملکت نے قوم کے نام اپنے پیغام تشکر میں کہا کہ گیارہ فروری کے جشن کی ریلیوں میں عوام کی بامعنی اور ہوشیارانہ شرکت نے عوام اور ملک کی زیادہ سے زیادہ خدمت کرنے کے تعلق سے حکومتی عہدیداروں کی ذمہ داریوں میں اضافہ کردیا ہے۔

اسلامی انقلاب کی کامیابی کی چالیسویں سالگرہ کے موقع پر ایران کے ایک ہزار سے زائد شہروں اور دس ہزار قریوں میں بیک وقت ریلیاں نکالی گئیں۔ ان ریلیوں میں کروڑوں کی تعداد میں شریک لوگوں نے امام خمینی کے اصولوں اور رہبرانقلاب اسلامی کے فرمودات سے تجدیدعہد کیا اور اسلامی انقلاب کی اقدار سے وفاداری کا اعلان کرتے ہوئے دشمنوں اور ان میں سرفہرست امریکا اور اس کے اتحادیوں سے اپنی شدید نفرت و بیزاری کا اعلان کیا۔

ٹیگس